Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز کالعدم تنظیمیں چلارہی ہیں، نگراں وزیرداخلہ

فلسطین کے معاملے پر بلائے گئے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزرا کی غیر حاضری پر سینیٹرز کا احتجاج
اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2023 07:23pm
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈز کالعدم تنظیمیں چلارہی ہیں۔ آنے والی حکومت لاپتہ افراد سے متعلق جامع قانون سازی کرے۔ فلسطین کے معاملے پر بلائے گئے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزرا کی غیر حاضری پر سینیٹرز نے شدید احتجاج کیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ جس کے آغاز میں ہی پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے نقطہ اعتراض پر کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے لاپتا افراد کے حوالے سے دھرنا دے رکھا ہے لیکن پریس کلب کے سامنے ان کو دھرنے کی اجازت نہیں دی گئی، لاپتا افراد کا معاملہ کسی بھی جمہوری ملک میں نہیں ہوتا۔

جس کے بعد نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے پریس کلب کے صرف سامنے علامتی دھرنے کی اجازت مانگی تھی، سردار اختر مینگل کو احتجاج کا مکمل حق ہے لیکن اجازت لینا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کی سرکوبی ضروری ہے، صوبے میں ڈیتھ اسکواڈز کالعدم تنظیمیں چلارہی ہیں، اور معصوم لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، اور آنے والی حکومت لاپتہ افراد سے متعلق جامع قانون سازی کرے۔

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کیخلاف قرارداد پیش

اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما اور قائد ایوان اسحاق نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کیخلاف قرارداد پیش کی۔

اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، اسرائیل کی جانب سے بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہیں، جب کہ اسرائیلی فوج غزہ میں اسپتالوں کو بھی نشانہ بنارہی ہے۔

قائد خزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم، یوسف رضا گیلانی، سینیٹر علی ظفر، عبدالغفور حیدری، مشتاق احمد، منظور کاکڑ سمیت دیگر ممبران نے اسرائیلی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینییوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

فلسطین کے معاملے پر بلائے گئے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزرا کی غیر حاضری پر سینیٹرز نے شدید احتجاج کیا ، پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے لیے ہتک ہے کہ آج کے اجلاس میں ایک بھی وزیر ایوان میں نہیں ہے، وزیر خارجہ بس حاضری لگوا کر چلے گئے، حکومت امریکا سامراج کی خوشنودی کے لئے اس حد تک جا سکتی ہے یہ فلسطین کے لئے باعث ہتک ہے لہذا ایوان کو ملتوی کیا جائے۔

چئیرمن سینیٹ نے وفاقی وزیر خارجہ کو کل کے اجلاس میں لازمی آنے کی ہدایت کرتے ہوئے سینیٹ اجلاس کل دن ڈھائی بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔

Ishaq Dar

Israel Palestine conflict

Senate of Pakistan

Palestinian Israeli Conflict

sarfaraz bugti