اوور اسپیڈ اور خطرناک اسٹنٹ دکھانے پر موٹر سائیکل سوار پر 37 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے کا جرمانہ
دبئی میں 280 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر سائیکل چلانے والے شخص کو گرفتار کرکے 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کردیا گیا۔
دبئی پولیس نے 280 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹر سائیکل چلانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اسے 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جو پاکستانی روپے میں 37 لاکھ 80 ہزار سے زائد بنتا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ نوجوان لاپرواہی سے اپنی موٹر سائیکل کو انتہائی تیز رفتاری سے چلا رہا ہے اور ایک پہیے پر خطرناک اسٹنٹ کر رہا ہے۔
واقعہ کے بعد دبئی پولیس نے فوری طور پر اسے پکڑ لیا اور موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل سیف محیر المزروئی نے کہا کہ ٹریفک گشت نے کامیابی کے ساتھ ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کی اور اسے پکڑ لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص نے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے ساتھ افراتفری پھیلائی اور خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کی جان خطرے میں ڈالی۔
حکام کے مطابق پوچھ گچھ کے بعد موٹر سائیکل سوار نے متعدد مواقع پر اس طرح کی حرکتیں کرنے کا اعتراف کیا۔ اسی سبب اس کی موٹر سائیکل ضبط کی گئی اور اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
Comments are closed on this story.