Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئی ثبوت نہیں ٹی کہ ایل پی ریاست مخالف جماعت ہے، سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی رپورٹ

تحریک لبیک پارٹی کیلئے 15 لاکھ کی رقم آٹے میں نمک کےبرابر ہے، رپورٹ
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2023 06:19pm

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں ٹی ایل پی ریاست مخالف جماعت ہے، اور پارٹی کیلئے 15 لاکھ کی رقم آٹے میں نمک کے برابر ہے جسے فارن فنڈنگ نہیں کہہ سکتے۔ دوسری طرف کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے جرم ثابت کرنے میں ناکامی پر ٹی ایل پی کے 29 ملزمان کو بری کردیا۔

سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ یکم نومبر کو سماعت کرے گا، اس کیس میں پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، الیکشن کمیشن، آئی بی سمیت دیگر نے نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کر رکھی ہے، اور عدالت نے گزشتہ سماعت پر تمام فریقین سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نےسپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات پر کلین چٹ دے دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹی ایل پی کے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ مانگی تھی، رپورٹ کے مطابق ٹی ایل پی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔

رپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹی ایل پی کے فنڈنگ ذرائع کا بھی جائزہ لیا گیا، ٹی ایل پی کو 15 لاکھ روپے ممنوعہ ذرائع سے موصول ہوئے، جو پارٹی کیلئے آٹے میں نمک کے برابر ہے، تحریک لبیک کو وصول ہونی والی اتنی چھوٹی رقم کو غیر ملکی فنڈنگ قرار نہیں دیا جا سکتا، اور ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ ٹی ایل پی ریاست مخالف جماعت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انکوائری کے بعد تحریک لبیک کیخلاف نوٹس واپس لے لیا،اور سپریم کورٹ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلہ پر عمل در آمد کردیا ہے، الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا مکمل ادارک ہے۔

ٹی ایل پی کے 29 کارکنان بری

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

پراسیکیوشن ٹی ایل پی کے 29 ملزمان پر جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

عدالت نےعدم شواہد پر ٹی ایل پی کے 29 ملزمان کو بری کردیا۔

عدالت نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے بھی واپس کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ پولیس نے 2021 میں ملزمان کےخلاف مقدمات درج کیے تھے۔

ECP

TLP

Election Commission of Pakistan (ECP)