Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سری لنکا سے شکست کے بعد انگلینڈ کی ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی مشکل

157 رنز کا ہدف سری لنکا نے 26 ویں اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا
شائع 26 اکتوبر 2023 07:39pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں سری لنکا نے بھی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

بنگلورو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 157 رنز کا انتہائی آسان ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے 25.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے رن ریٹ میں بھی قابلِ ذکر اضافہ کردیا۔

انگلینڈ کی یہ رواں ورلڈکپ میں چوتھی ناکامی ہے، جس کے بعد انگلش ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

ورلڈ کپ کا 25 واں میچ بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر غلط ثابت ہوا، سری لنکن بولرز کے سامنے انگلش بیٹرز ناکام رہے اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 33.2 اوورز میں 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگ کا آغاز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم سری لنکا کے خلاف انگلش بیٹرز مشکل میں ہی دکھائی دیے ، مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے سری لنکا نے پوری اننگز میں انگلینڈ پر دباؤ بنائے رکھا۔

جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان کے درمیان پہلی وکٹ پر 45 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی،انگلینڈ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گری۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، آدھی انگلش ٹیم محض 85 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، تاہم بین اسٹوکس نے بڑے اسکور کی تھوڑی امید دلائی پر وہ بھی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

جونی بیئراسٹو 30، ڈیوڈ ملان 28، جو روٹ 3، کپتان بٹلر 8، لیونگ اسٹن 1،معین علی 15، کرس ووکس صفر، عادل رشید 2، مارک ووڈ5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ولی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یون انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز پورے نہ کھیل سکی اور 33.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور سری لنکا کے لیے 157 رنز کا آسان ہدف سیٹ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 3، کاسون راجیھیتا اور انجیلو میتھیوز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جبکہ مہیش تھیکشنا نے ایک وکٹ حاصل کی اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

#3 سری لنکا کی بیٹنگ

انگلینڈ کے 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے کیا تاہم سری لنکا کی پہلی وکٹ 9 رنز پرگری جب کوسل پریرا صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

23 رنز کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو دوسرا نقصان بھی اٹھانا پڑا، کپتان کوسل مینڈس بھی 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔

سدیرا سمارا وکرما کریز پر آئے تو انہوں نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا، تیسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور سدیرا سمراوکرما کے مابین 122 گیندوں پر 137 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

اوپنر پتھم نسانکا نے 7 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 83 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی۔

سدیرا سمارا وکرما 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 گیندوں پر 65 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے اور دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے

اس طرح سری لنکن ٹیم نے انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف 26 ویں اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں ڈیوڈ ولی نے حاصل کیں۔

سری لنکا کے لہیرو کمارا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

رواں ورلڈ کپ میں کتنے اپ سیٹ ہوئے؟

واضح رہے کہ سری لنکا کوالیفائر میچز کھیلنے کے بعد ورلڈ کپ میں پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا جس نے دفاعی چیمپئن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں چوتھا اپ سیٹ کیا ہے۔

اس سے قبل اسی ٹورنامنٹ میں افغانستان نے بھی انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ 2023 کا پہلا اپ سیٹ کیا تھا۔ قبل ازیں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا اور افغانستان نے پاکستان کو ہراکر اپ سیٹ کیے تھے۔

انگلینڈ ٹورنامنٹ کے دوران اپنے پانچ میچز میں سے اب تک صرف ایک میچ بنگلادیش کے خلاف جیت سکا ہے اور 4 میں شکست ہوئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا نے بھی انگلش ٹیم کو شکست دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل

رواں ورلڈکپ میں تمام ٹیموں نے اپنے 5،5 میچز کھیل لیے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت پہلے ، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد سری لنکا پانچویں پوزیشن پر آگیا، پاکستان کا چھٹا نمبر ہے۔

دفاعی چیمپئن انگلینڈ 4 میچز میں ناکامی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر ہے۔

واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعدجوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، پچ میں نمی ہے، بیٹنگ کے لیے سازگار رہے گی، کوشش کریں گے آئی لینڈرز کے خلاف کامیابی سمیٹ کر میگا ایونٹ میں ٹیم کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ ہیری بروک، اٹکنسن، ریس ٹوپلی کو آرام کروایا گیا ہے۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیت کرہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے، انگلینڈ کو محدود اسکور تک روکنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ جیت تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، انجیلو میتھیوز اور لہیرو کمارا آج کھیل رہے ہیں۔

کوشال مینڈس کے مطابق تجربہ کارانجیلو میتھیوز کی واپسی سے فرق پڑےگا۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلش ٹیم میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکا کی ٹیم میں کپتان کوشل مینڈس، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشنا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

انگلینڈ اور سری لنکا دونوں ہی آج کے میچ میں اپنی دوسری فتح حاصل کرکے ورلڈکپ کے سفر کو مزید تقویت دینے کی کوشش کریں گے۔

رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے،افغانستان کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو رواں ورلڈ کپ میں اپ سیٹ بھی کیا ہے، دونوں ٹیموں نے اب تک ورلڈ کپ میں 04 میچز کھیل کر صرف ایک میچ جیتا ہے اور 3 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سری لنکا کی واحد جیت نیدرلینڈز کے خلاف ہوئی جبکہ انگلینڈ نے صرف بنگلہ دیش کو شکست دی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

ایک روزہ میچز کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں اب تک 78 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئی ہیں، جن میں سے انگلینڈ نے 38 جبکہ سری لنکا نے 36 بار جیت حاصل کی ہے، دونوں ٹیموں کے مابین ایک میچ برابر رہا اور 03 میچز بغیر نتیجہ رہے۔

پچ رپورٹ

چنا سوامی کرکٹ اسٹڈیم، بنگلورو اپنی چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بیٹرز کے لیے جنت تصور کیا جاتا ہے۔ اس میدان پر رواں ورلڈ کپ کا آخری میچ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا جس میں 95.3 اوورز میں مجموعی طور پر 672 رنز بنے تھے۔

india

England

Sri Lanka

Bengaluru

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

sri lanka vs england