Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں حکومت نے ’پے پال‘ اور ’سٹرائپ‘ پیمنٹ کے حوالے سے خوشخبری سنا دی

'آنے والے چار سے چھ ہفتوں میں ہم پے پال، اور سٹرائپ کے حوالے سے اچھی خبریں سنیں گے'
شائع 25 اکتوبر 2023 08:08pm

نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ عوام کو آنے والے ہفتوں میں ”پے پال“ اور ”سٹرائپ“ پیمنٹ گیٹ ویز کے حوالے سے اچھی خبر سننے کو ملے گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ابھرتی ہوئی فری لانسنگ کمیونٹی کے لیے ادائیگیوں کی سہولت کے لیے کوئی مالیاتی زریعہ دستیاب نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ان کمپنیوں کو بشمول ایف اے ٹی ایف کا مسئلہ اپنے کچھ خدشات ہیں۔ اس کے باوجود ہم معاملات آگے بڑھتے دیکھ رہے ہیں۔ میں پر امید ہوں کہ آنے والے چار سے چھ ہفتوں میں ہم پے پال، اور سٹرائپ کے حوالے سے اچھی خبریں سنیں گے، اور ایک فارمولے کے ذریعے ہم اپنی فری لانس کمیونٹی کو یہ خدمات فراہم کریں گے۔‘

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ 15 لاکھ پاکستانی آئی ٹی فری لانسرز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دوسری سب سے بڑی آن لائن افرادی قوت ہیں۔ تاہم، بنیادی ڈھانچے کی کمی ہمیں روک رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ای روزگار پروگرام کے ذریعے نجی شعبے کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جس کے تحت 500,000 افراد کے لیے کام کرنے کی جگہ قائم کی جائے گی۔‘

عبوری وزیر نے کہا کہ ملک کا آئی ٹی سیکٹر تقریباً 19,000 کمپنیوں پر مشتمل ہے، جو 150,000 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے اور سرکاری برآمدات میں اس کا 2.5 بلین ڈالر کا حصہ ہے۔

پاکستان

PayPal

Stripe