Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف کے وکیل درخواستیں قابل سماعت ہونے پر مطمئن کریں، عدالتی حکمنامہ

نوازشریف کی العزیزیہ و ایون فیلڈ ریفرنس میں درخواستیں قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب
شائع 25 اکتوبر 2023 11:09am

العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس کے خلاف نواز شریف کی بحالی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ درخواستگزارکے وکیل 26 اکتوبر متفرق درخواستیں قابل ہونے پر عدالت کو مطمئن کریں۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ کیس اور ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیراعظم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے اور عدالت کے سامنے سرینڈر کیا۔

نوازشریف کی ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مبنی دو رکنی بینچ نے کی۔

ضمانت میں توسیع دینے سے قبل عدالت نے نیب کے نمائندے سے استفسار کیا کہ نیب کو ضمانت میں توسیع پر کوئی اعتراض ہے؟ جس کا جواب نیب کے پراسیکیوٹر نے نفی میں دیا۔

اس موقع پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سے دوبارہ استفسار کیا کہ شریعت کے تقاضے پورے کرتے ہوئے دوبارہ پوچھتے ہیں کیا آپ (نواز شریف کو) گرفتار کرنا چاہتے ہیں؟ کیا نیب یہ کہہ رہا ہے کہ نواز شریف پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹیسز کا الزام برقرار ہے لیکن نواز شریف کو چھوڑ دیں؟

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے دوبارہ کہا کہ نیب نواز شریف کو گرفتار نہیں کرنا چاہتی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دوبارہ استفسار کیا کہ کیا چیئرمین نیب پاکستان میں ہیں؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب پاکستان میں ہی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے سامنے دو اپیلیں زیر سماعت ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ ان کیسز میں عدالت کی مکمل معاونت کریں گے جبکہ نیب کلئیر ہے کہ فی الحال عدالت کے سامنے حفاظتی ضمانت کا معاملہ ہے۔

تحریری حکمنامہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی اپیلیں بحال کی درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائد ن لیگ کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 26 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے جاری کردہ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 19 اکتوبر کے حکم کے مطابق نواز شریف عدالت حاضر ہوئے اور خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کیا۔

حکمنامے میں بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کی اپیلیں بحالی کی دو درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، نیب نے ہدایات لینے کے وقت مانگا ہے تب تک نوازشریف کو حفاظتی ضمانت دی جائے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق پراسیکیوٹر نیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کی حفاظتی ضمانت میں توسیع پر کوئی اعتراض نہیں۔ اس لئے نوازشریف کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 26 اکتوبر تک توسیع کی جاتی ہے۔

عدالت نے نوازشریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ نواز شریف کے وکیل 26 اکتوبر متفرق درخواستیں قابل ہونے پر عدالت کو مطمئن کریں۔

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023