پی آئی اے کو 2 ہفتوں میں 8 ارب روپے کا نقصان، مزید 20 پروازیں منسوخ
ایندھن نہ ملنے کے باعث ملک بھر سے پی آئی اے کی آج بھی 20 پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں، اور صرف دو ہفتوں میں قومی ادارے کو 8 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے مالی بحران کا شکار ہے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سے ایندھن کی عدم فراہمی کے باعث فلائٹ آپریشن آج بھی متاثر ہے، اور آج بھی ملک بھر سے پی آئی اے کی 20 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے لاہور،اسلام آباد، گوادر، ملتان اور سکھر سمیت7 پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ کراچی سے ٹورونٹو کی پرواز 6 گھنٹے سے تاخیر کا شکار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی 2 پروازیں منسوخ اور ایک تاخیر کا شکار ہوئی، کوئٹہ ائیرپورٹ سے جانے والی 3 پروازیں، پشاور سے بیرون ملک جانے والی 3 پروازیں منسوخ اور 2 تاخیر کا شکار ہیں۔
دوسری جانب پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کو بینکوں سے7 ارب روپے قرض کی گارنٹی نہیں مل سکی، جس کی وجہ سے بینکوں نے قرض جاری نہیں کیا، اور یومیہ بنیاد پر ایندھن کیلئے فنڈز ادائیگی پر پی آئی اے کا کیش فلو متاثرہوا ہے، جس کے باعث پی آئی اے کو یومیہ 50 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں میں پی آئی اے کی منسوخ پروازوں کی تعداد 170 سے تجاوز کرگئی ہے، اور قومی ادارے کو اس دوران 8 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔
Comments are closed on this story.