Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال، سعودی عرب کیلئے پروازیں روانہ

ایندھن کی فراہمی بند ہونے سے آپریشن بری طرح متاثر ہوا، بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں
اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2023 08:35pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال ہوگیا۔ ایندھن کی فراہمی بند ہونے سے آپریشن بری طرح متاثر ہوا، بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں۔

فلائٹ آپریشن جزوی بحال ہونے کے بعد کراچی، اسلام آباد، لاہور اور ملتان سے جدہ کے لئے پروازیں روانہ ہو گئیں۔ اسلام آباد سے ایک پرواز ریاض کے لئے بھی روانہ ہوگئی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی جزوی بحالی ائر لائن انتظامیہ کی کاوشوں سے ممکن ہوئی۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز بینک میں رقم منتقل نہ ہونے کے باعث پی ایس او نے ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن دینے سے معذرت کرلی تھی، جس کے بعد قومی ائیرلائن کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا اور بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں۔

گزشتہ کئی روز سے پی آئی اے ہر روز کی پروازوں کے ایندھن کے پیسے پیشگی ادا کررہا ہے، گزشتہ روز بھی 220 ملین روپے ادا کئے گئے تھے۔

اس ساری صورتحال میں قومی ائیرلائن کا آپریشن بری طرح متاثر ہوا، اور بیشتر اندرون ملک پروازیں منسوخ کی گئیں، اور مسافر رل گئے، لیکن حکومتی ایما پر قومی ایندھن کمپنی کسی قسم کی رعایت دینے پر راضی نہیں ہوئی۔

اس حوالے سے ایوی ایشن ماہرین کا کہنا تھا کہ ایک سرکاری ادارے کا دوسرے حکومتی ملکیتی ادارے کو رعایت دینے سے انکار حیرت انگیز بات ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے قبل ایسے اقدامات رائے عامہ ہموار کرنے کی حکومتی حکمت عملی لگتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نہج پر پہنچنے سے بہت پہلے ہی حکومتی وزارتیں آپس میں معاملات طے کرلیتی ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن اپنے پٹرولیم کے ہم منصب کے ساتھ یہ مسئلہ اگر حل نہیں کروا سکتے تو یا یہ نالائقی ہے یا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، قومی ائر لائن کے ساتھ ہی نجی ائرلائنز اپنے کرایوں میں کئی گنا اضافہ کریں گے، جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔

PIA

PIA Flight

PIA Loss