نواز شریف نفرت نہیں اپنے لوگوں میں محبت پھیلانے آیا ہے، شہبازشریف
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نفرت نہیں اپنے لوگوں میں محبت پھیلانے آیا ہے، رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوئی انتقام لینے واپس نہیں آئے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف وطن واپس پہنچ گئے ہیں، ان کے بھائی شہبازشریف نے ایکس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج میرا لیڈر نوازشریف آپ لوگوں کےدرمیان ہوگا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف قوم کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کرنے واپس آیا ہے، وہ نفرت نہیں بلکہ اپنے لوگوں میں محبت پھیلانے آیا ہے، اور پاکستان کو واپس ٹریک پر لانے آیا ہے۔
رانا ثنا للہ
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ 4 سال بعد ن لیگ کے قائد سرخرو ہو کر واپس آرہے ہیں، ملک مشکل میں ہے، ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو بحران سےنکالے،
دعا ہےنوازشریف کا واپس آنا خیرو برکت کا باعث ہو۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوئی انتقام لینے واپس نہیں آئے، وہ عام آدمی کوریلیف دینےآئےہیں، سب کے ساتھ مفاہمت ہونی چاہیے، ووٹ کو عزت ملے گی تو مفاہمت ہوگی، ن لیگ کا مطالبہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے۔
مریم اورنگزیب
سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا آنا ایک نئی ترقی کی خوشی لے کر آ رہا ہے، آج نوازشریف بھاری دل سے وطن آ رہے ہیں، 2015 میں مہنگائی کم ترین اور ترقی بلند ترین سطح پر تھی، آج ملک مشکلات سے گھرا ہوا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا کہ میں پاکستان امید کی کرن لارہا ہوں، سب ٹھیک ہوجائے گا، معاشرے میں نفرت اورناامیدی کو امید اور محبت میں بدلیں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ جنہیں میم بنانے کی عادت ہے ان کے لیے بھی پیغام ہے، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں کہ نوازشریف جاتی امراء جائیں گے، آپ میمیں بنائیں جھوٹ بولیں، ہم ملک بنانے جارہے ہیں، آپ کو مشورہ ہے کہ آج آرام کریں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف ایئرپورٹ سےسیدھا جلسہ گاہ آئیں گے، نواز شریف تقریر کے بعد اپنے گھر تشریف لے جائیں گے۔
Comments are closed on this story.