Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

نوازشریف کی ایئر پورٹ پہنچتے ہی قانونی ٹیم سے مشاورت

نوازشریف نے دو ریفرنسز میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پردستخط کردیے
شائع 21 اکتوبر 2023 03:02pm

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی قانونی ٹیم سے مشاورت کی اور ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسزمیں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر دستخط بھی کردیے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد پہنچنے پر ان کے ہمراہ عرفان صدیقی اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے علاوہ صحافیوں اور لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

نوازشریف کے پہنچنے سے قبل ہی ن لیگ کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی، قانونی ٹیم نے ان کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست تیار کی تھی۔

نوازشریف اپیل بحال کرنے کی درخواستوں پر دستخط کرتے ہوئے
نوازشریف اپیل بحال کرنے کی درخواستوں پر دستخط کرتے ہوئے

قانونی ٹیم میں بیرسٹر ظفر اللہ خان، اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر موجود تھے۔ نوازشریف طیارے سے اترتے ہی ایئرپورٹ لاؤنج پہنچے، جہاں قانونی ٹیم ان کی منتظر تھی۔

نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل ہوا اور ان کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہرلگا دی گئی، نوازشریف کی بائیو میٹرک کیلئے نادرا ٹیم ایئرپورٹ پر موجود تھی، نادرا ٹیم نے قائد ن لیگ کی بائیو میٹرک کرکے تصدیقی رسید نواز شریف کی لیگل ٹیم کو دی۔

نادرا کی ٹیم نوازشریف کا بائیو میٹرک کرتے ہوئے
نادرا کی ٹیم نوازشریف کا بائیو میٹرک کرتے ہوئے

نادرا کی تصدیق کے بعد وکلا نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پرنواز شریف سے دستخط کرائے ۔

ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار نے بتایا کہ امیگریشن کے تمام مراحل طے پاچکے ہیں، بائیو میٹرک سرٹیفیکیٹ بھی لیا گیا، قانونی دستاویزات پر دستخط لئے گئے، اور تصدیقی کارروائی بھی مکمل کی گئی۔

Nawaz Sharif

nawaz sharif returns 2023