نوازشریف کے استقبال موٹر وے پر قافلے، پنڈال سج گیا
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف آج 4 سال بعد وطن واپس آ رہے ہیں، جن کے استقبال کے لئے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد اور لاہور روانہ ہوچکے ہیں، موٹروے پر مسافروں کو قافلوں کے سبب دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس آ رہے ہیں، سابق وزیراعظم وطن واپسی کیلئے دبئی ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سے 10 بج کر 42 منٹ پر ان کے جہاز نے ٹیک آف کیا، انہیں پاکستان لانے والا خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرچکا ہے۔
نوازشریف اسی خصوصی طیارے میں اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے اور شام 5 بجے مینار پاکستان میں منعقدہ جلسے سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں لیگی قیادت کو زیادہ کارکنان نکالنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، اور تمام سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو کارکنان کی لسٹ تیاری کے لیے پرفارما جاری کیا گی اہے، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اپنے کارکنان کی تعداد گاڑیوں کے کوائف درج کریں گے۔
کراچی حیدر آباد کے قافلے لاہور پہنچ گئے
گزشتہ روز کراچی اور حیدرآباد سے نون لیگ کے کارکنوں کی دو خصوصی ٹرینیں روانہ ہوئی تھیں جو کچھ دیر قبل لاہور پہنچ گئی ہیں۔
ٹرینوں میں سوار کارکنوں نے نون لیگ اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے ہیں، اور نواز شریف کے حق میں شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔
کارکنان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جھلک دیکھنے کےلئے لاہور آئے ہیں، انہوں نے غربت اور سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ کیا تھا، وہ ایک بار پھر وزیراعظم بن کر مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔
لاہور
قائد مسلم لیگ ن کے استقبال کے لئے لاہور میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، صبح کے وقت کارکنان کے لئے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا، جب کہ ڈی جے ولی سن ساؤنڈ سسٹم کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
راولپنڈی
نواز شریف کے استقبال کے لئے ن لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد راولپنڈی کے کمیٹی چوک پہنچی جہاں لیگی قیادت نے ان کے لیے ناشتے کا اہتمام کر رکھا تھا، ناشتے میں انڈہ، چنے، نان ، قیمہ اور حلوہ پوری سےتواضع کی گئی۔
راولپنڈی دانیال ہاؤس سے چوہدری تنویر کی قیادت میں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبالی ریلی نکالی گئی، اور اس ریلی کی روانگی سے قبل کارکنان کیلئے دانیال ہاوس میں ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔
ریلی 26 نمبر چنگی پر رکے گی جہاں دیگر ریلیاں لاہور کیلئے روانہ ہو گئیں، ریلی میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے ہیں۔
راولپنڈی میں سابق ایم این اے ملک ابرار احمد کی جانب سے بھی کارکنان کے لئے ناشتے کا بندوست کیا گیا، ناشتے میں حلوہ پوری، چنے، انڈے الو بجیا، چائے شامل تھی۔
لیگی کارکنان ریلیوں کی صورت میں پہنچنا شروع ہوگئے، اور جگہ جگہ پینا فلیکس آویزاں کئے گئے ہیں، جب کہ نوازشریف کے حق میں نعرے بازی بھی جاری ہے۔
سابق ایم پی اے ملک افتخار اور ان کے ہمراہ کینٹ ممبران بھی راولپنڈی میں لگے استقبالی کیمپوں کا دورہ کرتے رہے۔ عہدیداران کا کہنا تھا کہ شام پانچ بجے تک لاہور جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حاصل پور
حاصل پور سے سابق وفاقی وزیر ریاض حسین پیرذداہ سابق ایم پی اے محمد افضل گل کی قیادت میں قافلے نواز شریف کی وطن واپسی پر لاہور جلسہ کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔
قافلے میں سینکڑوں پارٹی کارکنان موجود ہیں، روانگی سے قبل کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے آنے کے بعد اقوام عالم میں پاکستان کا عزت کا مقام ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے آنے سے پورے ملک میں خوشی کا سماں ہوگا خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔
اس موقع پر کارکنوں نے شیر آیا شیر آیا کے نعرے بھی لگائے، بعد ازاں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد گاڑیوں اور بسوں میں لاہور جلسہ گاہ کے لیے گل ہاؤس سے روانہ ہوئی۔
میانوالی
میانوالی سے سابق وفاقی وزیر عمیر حیات خان کی قیادت میں قافلے لاہور جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، جس میں سیکڑوں کارکنان شریک ہیں، کارکنان شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگاتے ہوئے روانہ ہوئے۔
اس موقع پر عمیر حیات کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے آنے سے پورے ملک میں خوشی کا سماں ہوگا خوشحالی کا دور شروع ہونے والا ہے۔
پشاور
دوسری جانب ہزارہ موٹروے پر ٹریفک کا شدید رش ہے، خیبرپختونخوا کے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں اور اسلام آباد سے لاہور انٹر چینج پر عوام اور گاڑیوں کا جم غفیر ہونے کے باعث مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے پر پولیس کا عملہ متحرک ہے۔
صوابی
نوازشریف کےاستقبال کیلئے کارکنان صوابی انٹرچینج پر جمع ہوئے اور صوبائی صدر امیر مقام کی قیادت میں لاہور کے لئے روانہ ہوئے۔
روانگی سے قبل لیگی رہنما امیرمقام کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جھوٹے مقدمات میں نا اہل کیا گیا، پہلی بار پختونخوا کے کارکنان میں ایسا جذبہ دیکھا، پختونخوا کے عام نے آج ثابت کیا وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں، اب ان کی قیادت میں ملک ترقی کی نئی راہوں پرگامزن ہوگا۔
خیبر
سے بھی ن لیگ کا بڑا قافلہ سابقہ ایم پی اے بلاول آفریدی کی سربراہی میں لاہور کے روانہ ہوچکا ہے، قافلے کی روانگی سے قبل باب خیبر کے مقام پر دنبے کا صدقہ دیا گیا، اور کارکنان نے نعرے بازی کی۔
مردان
مردان سے بھی لاہور میں مسلم لیگ کے جلسے میں شرکت کے لئے قافلے روانہ ہوگٸے ہیں، ضلع بھر سے کارکنان رشکٸی انٹرچینچ پر جمع ہوئے، جہاں سے ایک ساتھ لاہور کے لئے روانہ ہوئے۔ کارکنان کی بڑی تعداد نے پارٹی جھنڈے اور پوسٹرز اٹھارکھے ہیں۔
ہزارہ
ہزارہ سے ن لیگ کے قافلے اپنے قائد کے استقبال کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں، جن کی قیادت سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کررہے ہیں۔
اس موقع پر مرتضی جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا تاریخی استقبال ہوگا، ہزارہ سے ہزاروں افراد لاہور جا رہے ہیں، آج اپنے قائد کا استقبال اور جلسہ تاریخی ہوگا۔
مانسہرہ
مانسہرہ سے نواز شریف کے استقبال کے لئے قافلے لاہور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، ہزارہ ڈویژن کی مختلف تحصیلوں سے جلوس مانسہرہ پہنچے، جہاں سے سب ایک ساتھ اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے۔ قافلے شام تک لاہور پہنچیں گے۔
وہاڑی
وہاڑی سے سابق ایم پی اے میاں ثاقب خورشید کی قیادت میں قافلے لاہور روانہ ہورہے ہیں، لیگی قافلے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہے۔
روانگی سے قبل کارکنوں کے لیے پرتکلف ناشتہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جب کہ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ثاقب خورشید کا کہنا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو اقامہ پر فارغ نہ کیا ہوتا تو آج یہ ملک بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔
علی پور
نواز شریف کے استقبال کے لیے علی پور سے بھی سیکڑوں کارکنارن بسوں اور کاروں میں مینار پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ سابق ایم این عامر طلال گوپانگ، سابق ایم پی اے سبطین رضا بخاری اور ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر سردار نواب خان گوپانگ بھی قافلے کے ہمراہ ہیں۔
اس موقع پر کارکنان پرجوش دکھائی دیے اور اپنے قائد کے حق میں نعرے لگاتے اور پارٹی ترانوں پر جھومتے رہے۔ قافلے شام کو مینارپاکستان پہنچیں گے۔
کوئٹہ
کوئٹہ سے لیگی کارکنوں کی ٹرین لاہور پہنچ گئی ہے، کارکنان نے روایتی لباس پہن رکھا ہے، اور لاہور کینٹ اسٹیشن پر روایتی بلوچی پگڑیاں پہنے کارکنان رقص کررہے ہیں۔ جب کہ نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔
آزاد کشمیر
نوازشریف کے استقبال آزاد کشمیر سے لیگی کارکنوں کے قافلے لاہور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، اس سے قبل آزاد کشمیر کو خیبر پختونخواہ اور پاکستان سے ملانے والے تاریخ مقام کوہالہ پل پر مظفرآباد سے لاہور جانے والے لیگی قافلے کے شرکاء نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد اور اہل پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کیلئے مارچ کیا۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر مشتاق منہاس کی قیادت میں بڑا قافلہ مینار پاکستان پہنچ گیا ہے، جہاں پہنچ کر ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے اپنی سیاست کو داو پر لگا دیا، پاکستان کے لوگ آج کے سیاسی جلسہ کی مثال دیں گے۔
نواز شریف کے استقبال کیلئے آزاد کشمیر سے مزید قافلے آج شام تک لاہور پہنچیں گے۔
گلگت بلتستان
سابق وزیراعلی گلگت بلتستان اور صوبائی صدر مسلم لیگ ن حافظ حفیظ الرحمان کی قیادت میں نواز شریف کے استقبال کے لیے گلگت بلتستان سے بڑا قافلہ لاہورپہنچ چکا ہے۔
Comments are closed on this story.