Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمالی و جنوبی وزیرستان میں 2 مختلف جھڑپوں میں 6 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 4 جوان شہید

مرنے والوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ حضرت زمان عرف خوارے ملا بھی شامل تھا، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2023 10:50pm

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 مختلف خون ریز جھڑپوں میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے، مرنے والوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ حضرت زمان عرف خوارے ملا بھی شامل تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں سے 2 جھڑپیں ہوئیں، پہلی جھڑپ شمالی وزیرستان کے علاقے گھر یوم میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

جھڑپ کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے، مرنے والوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ حضرت زمان عرف خوارے ملا بھی شامل تھا۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں لانس نائک تبسم الحق، سپاہی نعیم اختر اور سپاہی عبدالحمید شامل ہیں۔

مارے گئے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری جھڑپ دوسری جھڑپ جنوبی وزیرستان کےعلاقے آسمان منزہ میں ہوئی جہاں کشمور کے 25 سالہ سپاہی فرمان علی دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جھڑپیں،2 دہشت گرد ہلاک، 2سپاہی شہید

خیبر اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم کا اظہار افسوس

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مطلوب دہشت گرد حضرت زمان سمیت 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، پاک سر زمین سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

پرویز اشرف کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی شمالی و جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔

راجہ پرویز اشریف نے شہید ہونے والے لانس نائیک تبسم الحق اور سپاہیوں نعیم اختر، عبدالحمید اور فرمان علی کو خراج عقیدت کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک دشمن شر پسند عناصر ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور انشاء اللہ جلد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

rawalpindi

ISPR

North Waziristan

South Waziristan

security forces

security forces operation

Terrorists killed