Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

وطن واپسی میں حائل قانونی رکاوٹیں دور، نواز شریف جدہ سے دبئی پہنچ گئے

نوازشریف چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دبئی پہنچے
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2023 10:04pm

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کی راہ میں موجود تمام قانونی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور وہ وطن واپسی کے لیے جدہ سے دبئی پہنچ گئے، دبئی میں 2 روز قیام کریں گے۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی نواز شریف کو 24 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

جس کے بعد قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سعودی عرب سے دبئی پہنچ گئے، وہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جدہ سے دبئی پہنچے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف دبئی میں اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کی رہائش گاہ پر قیام کریں گے۔

دبئی میں نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی، نوازشریف ہفتے کو صبح ساڑھے 8 بجے دبئی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے، فلائی دبئی کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے۔

پاکستان سے کوئی بڑا لیگی رہنما تاحال دبئی نہیں پہنچا۔

نواز شریف کی آمد پر لاہور کی فضائیں پھولوں سے مہک اٹھیں گی

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی آمد پر لاہور کی فضائیں پھولوں سے مہک اٹھیں گی۔

نواز شریف کی آمد پر 2 طیاروں کے ذریعے لاہور پر پھول نچھاور ہوں گے۔

ن لیگ نے پھول برسانے کے لیے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کر لیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی نجی فضائی کمپنی کو پھول نچھاور کرنے کے لیے اجازت دے دی اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نواز شریف کی آمد پر سہہ پہر 3 بجے دو طیارے شہر پر پھول برسائیں گے۔

یاد رہے کہ نواز شریف 4 سالہ جلا وطنی ختم کر کے 21 اکتوبر کا پاکستان پہنچ رہے ہیں، نواز شریف اب لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوچکا ہے، وہ لندن نے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور کچھ دیر بعد جدہ سے دبئی روانہ ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف 2 روز دبئی میں صاحبزادی اسماء نواز کے پاس قیام کریں گے جس کے بعد وہ خصوصی جہاز سے ہفتے کو پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے۔

نواز شریف کے پروگرام میں تبدیلی آئی ہے، اب وہ لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوازشریف پہلے اسلام آباد آئیں گے اورقانونی مشاورت کے بعد لاہور جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں شیڈول جلسہ اپنے مقررہ وقت پر ہوگا۔

نواز شریف کو حفاظتی ضمانت ملنے سے متعلق سوال کے جواب میں عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ نیب کا بیان آپ کے سامنے ہے۔ حفاظتی ضمانت ملنے کا طریقہ کار یہی ہے ہمیں کوئی ’آوٹ آف دی وے ریلیف‘ نہیں ملا۔

مزید پڑھیں

نواز شریف کے خطاب کے لئے 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ بلند اسٹیج تیار

نواز شریف کی واپسی کے بعد پاکستان کو وہیں لے جائیں گے جہاں 2017 میں تھا، رانا ثناء اللہ

’کس کس کو میاں صاحب کی تصویر والی شرٹ اور کیپ چاہئیے؟‘

دوسری جانب مینار پاکستان پر جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اس حوالے سے مرکزی اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے جب کہ سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے لاہور کے لیے قافلے روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

PMLN

Nawaz Sharif