Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے کر نیوزی لینڈ کی ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی فتح

289 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 35 ویں اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2023 09:16pm

بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان 149 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ چنئی کے متھیا انامالائی چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، میچ کا ٹاس افغان ٹیم نے جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

افغانستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے اور افغانستان کے لیے 289 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

افغانستان کے خلاف نیوزی لینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، 110 کے مجموعی اسکور پر کیویز کے 4 بیٹرز آؤٹ ہوگئے۔

کیویز کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری جب اوپنر ڈیون کانوے کو مجیب الرحمان نے 20 رنز بناکر پویلین بھیجا، جس کے بعد وِل ینگ 54 اور رچن رویندر 32 رنز بنا کر عظمت اللّٰہ عمر زئی کا شکار ہوئے جبکہ ڈیرل مچل کو راشد خان نے ایک رن پر آؤٹ کیا۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 144 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

کپتان ٹام لیتھم 74 گیندوں پر 68 رنز بناکر نوین الحق کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

ٹام لیتھم کے آؤٹ ہوتے ہی گلین فلپس بھی نوین الحق کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی 80 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی 255 پر رنز 6 وکٹیں گرنے کے بعد اختتامی اوورز میں مارک چیپمین نے ناقابل شکست 25 اور مچل سینٹنر نے 7 رنز اسکور کیے اور یوں ٹیم کا اسکور 288 تک پہنچایا۔

افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کیوی بولرز کے سامنے کوئی بھی افغان بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔

افغانستان کے 6 بیٹسمین ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے جس میں سے دو صفر پر آؤٹ ہوئے، افغان ٹیم کی جانب سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

ابرہیم زدران 14، رحمان اللہ گرباز 11، حشمت اللہ شاہدی اور راشد خان 8 ،8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ محمد نبی 7 اور مجیب الرحمان 4 رنز بناسکے، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی کھاتہ کھولے بغیر ہی صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ اکرام علی خیل 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں افغانستان کی پوری ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور مقابلہ کیویز نے 149 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فیرگوسن نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہینری اور راچن رویندرا کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر گلین فلپس کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیوزی لینڈ اپنے چاروں میچز جیت کر اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل میں بھارت سے پہلی پوزیشن چھین کر کیوی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی۔

میچ کا ٹاس

افغان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شاہدی اور نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم نے کی۔

چنئی میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور تک محدود کیا جائے، ہماری پوری کوشش ہو گی کہ آج کا میچ جیتیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھ سکیں، امید ہے کہ ہم ایک بڑا ٹوٹل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ولیمسن کی جگہ ول ینگ کو شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ

نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، وکٹ کیپر کپتان ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان کے اسکواڈ میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، کپتان حشمت اللہ شاہد، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل حق فاروقی شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں نے اب تک کتنے میچز کھیلے؟

نیوزی لینڈ اور افغانستان اب تک اس ورلڈ کپ میں 3،3 میچز کھیل چکی ہیں، نیوزی لینڈ کو اب تک شکست نہیں ہوئی جبکہ افغانستان نے ایک میچ جیتا ہے اور 2 ہارے ہیں۔

افغانستان نے اپنا میچ بنگلہ دیش اور دوسرا میچ بھارت سے ہاری جبکہ تیسرے میں انہوں نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو تاریخی شکست دی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ، دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور تیسرے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی سمیٹ چکی ہے۔

ورلڈ کپ ہیڈ ٹو ہیڈ

ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان صرف 2 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئے ہیں، دونوں میچز میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی ہے۔

afghanistan

india

cricket

New Zealand

Chennai

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

aghanistan vs new zealand