Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسپتال کو ٹارگٹ کرنا ایک غیرانسانی عمل ہے، نگراں وزیراعظم

بلاول بھٹو، مریم نواز کی غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت
شائع 18 اکتوبر 2023 10:52am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کو ٹارگٹ کرنا ایک غیرانسانی عمل ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انوارالحق کاکڑ نے لکھا کہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں متعدد شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے۔

انہوں نے لکھا کہ بین الاقوامی انسانی قانون اسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے، عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد کو روکنے کے لیے تیزی سے کام کرے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی بات چیت میں نے ان پر زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسرائیل نے اسپتال پر حملہ کر کے ظلم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، حملہ پوری انسانیت کے لیے باعث شرم ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ بند ہونا چاہیے، ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اسپتال پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے.

Gaza

Palestinian Israeli Conflict

anwar ul haq kakar

Hamas Israel attack 2023