Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعظم اور روسی صدر کی ملاقات، پاکستان کے ساتھ تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پیوٹن

بیجنگ میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس میں بھی شرکت کی
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2023 11:43pm
فوٹو۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔ سوشل میڈیا

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط تجارت اور سرمایہ کاری میں روس اور پاکستان کے تعاون پر گفتگو کی اور روس پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پورپ اور ایشیا کے مابین مواصلاتی روابط بڑھانے، پاکستان کی ریلوے، روڈ اور توانائی راہداریوں میں جغرافیائی اعتبار سے مرکزیت پر بھی گفتگو کی گئی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پورے خطے کی معاشی ترقی کے لیے علاقائی مواصلاتی روابط کے فروغ پر زور دیا۔

نگراں وزیرِاعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کاکڑ

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان اور روس یکساں موقف رکھتے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے بھی دوطرفہ تعاون اہمیت کا حامل ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور روس کئی علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ سوچ رکھتے ہیں، روس کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اس حوالے سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور سینیٹر روس کا دورہ کر چکا ہوں، دونوں ممالک قریبی ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے حامل ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو توانائی کی کمی کا سامنا ہے، 24 کروڑ کے لگ بھگ آبادی والا یہ ملک توانائی کی بڑی مارکیٹ ہے، توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں، پیوٹن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی معاشی ترقی کے لیے سلامتی یقینی بنانا ضروری ہے، خطے کی معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ عالمی سطح پر غذائی تحفظ کے لیے روس اقدامات کر رہا ہے، روس نے غریب ترین افریقی ملکوں کو مفت اناج کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم کی چین میں مصروفیات

چین کے دورے پر گئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین میں مصروف دن گزارا۔

نگراں وزیرِ اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر منعقدہ راوٴنڈ ٹیبل اجلاس میں شرکت کی جس میں چینی اسکالرز، تعلیمی اداروں و تھنک ٹینکس کے محقیقین موجود تھے۔

انوار الحق کاکڑ نے سی پیک کے پاک چین دیرینہ دوستی اور اسٹریٹیجک شراکت داری میں کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی باہمی تعاون اور احترام پر مبنی ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان نے سی پیک کو خوشحالی، روزگار، روابط اور گرین ترقی پر مشتمل راہداری میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کی کوششوں سے سی پیک نہ صرف علاقائی تجارت و روابط میں مرکزی حیثیت حاصل کر لے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے آپسی تعلقات کو بھی فروغ دے گا۔

نگراں وزیرِ اعظم سے گرینڈ ویو انسٹیٹیوٹ کے صدر رین لیبو نے ملاقات کی، انوار الحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے مابین تعلیم و تحقیق کے شعبے میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان چین سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں تبادلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس سے قبل نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شریک عالمی رہنماوٴں کے اعزاز میں گریٹ ہال آف پیپلز میں دیے گئے عشایے میں شرکت کی۔

نگراں وزیراعظم ہال میں پہنچے تو چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول پانگ لی یو ان نے انوار الحق کاکڑ کا پرتپاک استقبال کیا۔

نگراں وفاقی کابینہ کے وزراء نے بھی عشایے میں شرکت کی جبکہ عشائیے میں روس، کینیا، ایتھوپیا، منگولیا، ہنگری، سری لنکا، قزاقستان، ازبکستان، پاپوٴا نیو گِنی، موزامبیک چلی اور دیگر عالمی رہنماوٴں نے بھی شرکت کی۔

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عشایے میں شریک عالمی رہنماوٴں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے عوام کی آپس میں ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر نگراں وزیرِ اعظم نے امن و استحکام اور روابط کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

china

Vladimir Putin

Beijing

Russian President

Caretaker prime minister

Caretaker PM

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar