ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کے 5 اہم کھلاڑی بیمار پڑ گئے
ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی بیمارپڑگئے۔ کھلاڑیوں کی بیماری کا اثر ٹیم کے پریکٹس سیشن پربھی پڑا۔
سینے میں وائرل انفیکشن نے اسکواڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے کم از کم چار سے پانچ کھلاڑی متاثر ہوئے۔ٹیم ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کئی کھلاڑیوں کو سینے میں شدید انفیکشن کے نتیجے میں تیز بخار ہوا۔
لیگ اسپنر اسامہ میر سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں سے ایک تھے جو پانچ دن تک بیماری سے لڑتے رہے اور انہیں اپنا وقت قرنطینہ میں گزارنا پڑا۔
تاہم خوش قسمتی سے کووڈ 19 اور ڈینگی سمیت اسامہ میر کے تمام ٹیسٹ منفی آئے۔
اسامہ میر کی صحت میں بہتری کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اورٹیم کے لیے دستیاب ہیں۔
تاہم اسامہ کے بعد اہم کھلاڑی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی بھی وائرل بیکٹیریل انفیکشن کا شکارہوگئے۔
شاہین شاہ آفریدی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں اینٹی بائیوٹکس دی گئیں۔ عبداللہ شفیق کو بھی شدید بخار ہے اورڈاکٹران کا مکمل طبی معائنہ کررہے ہیں۔
اسامہ، عبدللہ شفیق اور شاہین شاہ کے علاوہ زمان خان کے وائرل انفیکشن میں مبتلا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس سے ٹیم کی تشویش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ٹیم کے میڈیا منیجر نے کھلاڑیوں میں بیماری کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ قومی ٹیم کے متعدد ارکان کو متاثر کرنے والے صحت کے مسائل کے باعث آج کا شیڈول پریکٹس سیشن بھی مختصر کردیا گیا ہے۔
ٹیم شام میں صرف 2 گھنٹے پریکٹس کرے گی۔
یہ صورتحال گرین شرٹس کے لیے یقینی طور پر چیلنجنگ ہے جو اب تک ورلڈ کپ میں تین میچز کھیل کر 2 میں کامیاب اور ایک میں ناکام ہوئے ہیں۔
Comments are closed on this story.