Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، تعاقب پر ایک ملزم گرفتار

زخمی ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد ہوا ہے، ترجمان پولیس
شائع 15 اکتوبر 2023 02:42pm

تھانہ گولڑہ کی حدود میں پولیس نے مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ گولڑہ کی حدود میں ای 12 میں ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس پارٹی سیکٹر ای 12 میں گشت پر تھی کہ ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو کار میں سوار 3 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، کار بھگاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس پارٹی حفاظتی تدابیر کی وجہ سے فائرنگ سے محفوظ رہی۔

ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم نے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، اور کچھ فاصلے پر ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جب کہ اس کے دو ساتھی موقع سے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔ جب کہ پولیس نے گاڑی بھی قبضہ میں لے لی جس سے گاڑی چوری کے آلات برآمد ہوئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج کرلیا گیا ہے، اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا ICT-15 ایپ کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو دیں۔

islamabad police