Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شارع فیصل کراچی پر فلسطینیوں کے حق میں بڑی ریلی

امریکا پتھر پھینکنے والوں کو دہشتگرد بمباری کرنے والوں کو مظلوم سمجھتا ہے، سراج الحق کا خطاب
We live and die for Palestine and Al-Aqsa Mosque: Siraj ul Haq - Aaj News

جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے حوالے سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے آج کراچی میں فلسطین مارچ کیا جارہا ہے، اس حوالے سے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا جینا اور مرنا فلسطین اور مسجدِ اقصیٰ کیلئے ہے، فلسطین میں بھی وہی ہوگا جو افغانستان میں نیٹو کے ساتھ ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہر باضمیر شخص فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطینوں کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنا سب کی ذمہ داری ہے، لیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام مسجد اقصیٰ کی حفاظت کر رہے ہیں، یہ مجاہدین ہمارا روشن مستقبل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ایک ہزار مرتبہ قرارداد منظور کرچکی ہے، اس کے باوجود فلسطینیوں پر مظالم جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ناقابل تسخیر نہیں، اصل طاقت اسلام ہے، اسرائیل کی شکست یقینی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پھتر پھینکنے والوں کو دہشت گرد کہتا ہے اور بمباری کرنے والوں کو مظلوم سمجھتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران غزہ کے مٹی کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کریں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے اسرائیل سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا، ایران نے اسرائیل کی کھل کر مخالفت کی ہے، ہمارے حکمرانوں کو خاموشی اختیار نہیں کرنا چاہئے، ہماری قوم کو اس وقت محمد بن قاسم کی ضرورت ہے، قوم مسجد اقصیٰ کیلئے پیٹ پر پتھر باندھنے کیلئے تیار ہے۔

فلسطین مارچ کی تیاری کا جائزہ لینے کے موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر مسلسل ظلم کررہا ہے، اسپتالوں پربم باری کی جارہی ہے، صحافیوں کونشانہ بنایا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں سے ان کا سب کچھ چھین لیا ہے، اسرائیل دہشتگردی کررہا ہے، جب کہ اقوام متحدہ تماشائی بنی ہوئی ہے، اور امریکا اس کا ساتھ دے رہا ہے، امریکا اپنی طاقت سے اسرائیل کی حمایت کررہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج کا احتجاج فلسطینیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور مسلم حکمرانوں کو غیرت دلانے کے لیے ہے، مسلم حکمراں ایک جگہ بیٹھ جائیں تو اسرائیل اپنی جگہ تھم جائے، پاکستان اس مسئلے کے لیے آواز اٹھا سکتا ہے، کیوں کہ پاکستان نے آج تک اسرائیل کو قبول نہیں کیا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے، یہاں سب سے بڑا مارچ بھی آج ہوگا، فلسطینیوں کی حمایت ہمارا فرض ہے، شہریوں کو دعوت دیتا ہوں گھروں سے نکلیں اور مارچ میں شریک ہوں، پاکستانی مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے نکلیں۔

پاکپتن

جماعت اسلامی کے تحت پنجاب کے شہر پاکپتن میں بھی اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطین کے حق میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں نوجوانوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بچے سڑکوں پر نکل آئے، اور اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاج کیا اور اسرائیل کےخلاف اورفلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

قصور

جماعت اسلامی قصور میں خواتین کے تحت مظلوم مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین سروں پر کفن باندھ کر سڑکوں پر آئیں۔

جماعت اسلامی شعبہ خواتین نے بلدیہ چوک میں“ لبیک یا اقصیٰ “ ریلی نکالی، جس میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں بچوں نے شرکت کی۔

خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں کتبے اٹھا رکھے تھے، جب کہ اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ بچوں نے سروں پر کفن باندھ کر مسلم ممالک کو جھنجھوڑنے کے نعرے بھی لگائے۔

باغ

آزاد کشمیر کے شہر باغ میں بھی فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں، جب کہ تاجروں نے بھی شہریوں سمیت ریلیاں نکالیں۔

شرکائے ریلی فلسطین کے حق میں نعرے بازی کرکے اظہار یکجہتی کی اور مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے۔

جلالپور پیروالہ

جلالپور میں جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جب کہ اسرائیل کے خلاف خوب نعرے بازی بھی کی گئی ہے۔

ٹنڈوالہ یار

ٹنڈو الہ یار میں بھی مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے امدادی کیمپ لگایا گیا، جس میں فلسطین کے لئے فنڈز کی عوام سے اپیل کی ہے۔

پتوکی

مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجتی کے لیے اور اسرائیل کی بربریت اور بمباری سے خواتین و بچوں کی شہادتوں کے خلاف پتوکی میں بھی جماعت اسلامی خواتین نے احتجاجی ریلی نکالی اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے۔

Jamat e Islami

jamat e islami karachi

Hamas Israel attack 2023