Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جماعت اسلامی کا کل کراچی میں اسرائیل کیخلاف بڑے احتجاج کا اعلان

سراج الحق کا قومی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے شہباز شریف سے رابطہ
اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2023 11:17pm
کراچی: جماعت اسلامی کا اسرائیل کیخلاف کل بڑے احتجاج کا اعلان
کراچی: جماعت اسلامی کا اسرائیل کیخلاف کل بڑے احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی نے کل کراچی میں شارع فیصل پر اسرائیل کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 17 اکتوبر کو قومی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سٹی کورٹ میں وکلا سے ملاقات کی اور انھیں اسرائیل کےخلاف مارچ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین مارچ کراچی کے شہریوں کا ہے، جماعت اسلامی صرف میزبان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں کہ اس میں شرکت کریں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطین میں ہینڈ بل پھینکے گئے کہ لوگ غزہ سے نکل جائیں، فلسطینی شہری بچوں کی لاشیں لئے کھڑے ہیں، لیکن پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

اسرائیلی فوجی دستے غزہ میں داخل، حملوں میں 9 اسرائیلی قیدی ہلاک، 1900 سے زائد فلسطینی شہید

مولانا فضل الرحمان سے حماس کے رہنما ڈاکٹر ناجی زہیر کی ملاقات

ایم کیو ایم کا فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی ریلی کا اعلان

انھوں نے کہا کہ او آئی سی اس وقت کیا کررہی ہے، بیت المقدس ہمارے دل میں بستا ہے، یہ وہ جگہ ہے جس کی جانب رخ کرکے مسلمان سجدہ کرتے تھے، اسرائیل کی کوئی حیثیت نہیں، صرف اور صرف قبضہ ہے۔

سراج الحق کا شہباز شریف سے رابطہ

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 17 اکتوبر کو قومی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نے امیر جماعت سراج الحق کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا وفد 17 اکتوبر کو کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سابق وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی کے اقدام کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والی قومی فلسطین کانفرنس میں شرکت کیلئے سیاسی و سماجی قائدین اور انسانی حقوق کے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

سراج الحق اتوار کو کراچی میں ہونے والے عظیم الشان اقصیٰ مارچ کی بھی قیادت کریں گے۔

قیصر شریف نے کہا کہ امیر جماعت ذاتی طور پر دیگر جماعتوں کے قائدین کو بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت دیں گے۔

karachi

Jamat e Islami

Palestinian Israeli Conflict