Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی مسلسل تیسری فتح، بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست

بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 245 رنز بنائے
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2023 10:05pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 246 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 43 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

چینائی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کے لیے 246 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تنزید حسن نے کیا تاہم اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس میٹ ہینری کو کیچ دے بیٹھے اور بغیر کوئی رنز کیے پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کی دوسری وکٹ اوپننگ بیٹر تنزید حسن کی صورت گری جب تنزید 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کے بولرز بنگلادیشی بیٹرز کی مشکلات میں اضافہ کرتے رہے اور 56 کے اسکور پر مہیدی حسن میراز 46 گیندوں پر 30 رنز بناکر اور نجم الحسن شنتو 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیشی ٹیم کی 56 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور 96 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 152 تک پہنچایا، جس کے بعد 29.5 اوورز میں شکیب الحسن 40 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ توحید ہردوئی 13 ، تسکین احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمود اللہ 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں بنگلا دیشی ٹیم پورے اوورز کھیلتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 245 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2،2، مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

بنگلادیش کے 246 رنز ہدف کے تعاقب میں کیویز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کو اوپننگ اچھی نہ ملی اور صرف 12 رنز کے مجموعی اسکور پر رچن رویندرا پویلین لوٹے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کونوے نے شاندار بیٹنگ کی اور اسکور 92 رنز تک پہنچایا تاہم پھر کونوے 45 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پھر کپتان ولیمسن نے بلا تھاما اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل کے ساتھ 108 رنز کی شراکت داری قائم کی اور 200 کے اسکور پر کین ولیمسن 78 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔

ایسے میں دوسرے اینڈ پر ڈیری مچل نے شاندار اسٹروکس لگائے اور گلین فلپس کے ساتھ مل کر میچ کو 43 گیندوں پہلے ختم کرتے ہوئے کیویز کو ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی دلوادی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیری مچل 89 اور ولیمسن 78 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ گلین فلپس 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کیویز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جس کے بعد وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کر رہے ہیں جبکہ آج کے میچ کے لیے وِل ینگ کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کریں۔

کیوی کپتان نے مزید کہا کہ وارم اپ گیمز سے ٹیم کی اچھی تیاری ہوئی ہے، پِچ دیکھنے میں اچھی ہے، دوسری اننگ میں اوس پڑ سکتی ہے۔

اس موقع پر بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے، ٹورنامنٹ میں آپ کچھ میچ جیتتے ہیں اور کچھ ہارتے ہیں۔

بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ کیویز کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹیم کو فتح کے ٹریک پر لائیں، اس میچ میں ہم 280 رنز کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، مہدی حسن کی جگہ محمود اللّٰہ کو ٹیم میں شامل گیا گیا ہے۔

بنگلادیش کا اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مہیدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، مہدی حسن، تسکین احمد، شوریف اسلام، مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

کیوی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمی نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں کیویز کی ٹیم اب تک 5 میچز میں بنگالی ٹائیگرز کا مقابلہ کرچکی ہے اور تمام میں فتح حاصل کی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو ہرانے کے بعد نیدرلینڈز کو بھی شکست دے چکی ہے۔

افغانستان کے خلاف 6 وکٹوں کی فتح سے کامیاب آغاز کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیم کو انگلیڈ کیخلاف دوسرے میچ میں 137 رنز سےشکست کا سامنا کرنا پڑا۔

india

cricket

New Zealand

Bangladesh

Chennai

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

bangladesh vs new zealand