Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

اب کوئی ہمیں فون پر فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا، مصطفی کمال

ایم کیوایم جتنی طاقتور اب ہے اتنی بڑی پہلے نہیں تھی، مصطفی کمال
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2023 08:17pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ اب کوئی ہمیں فون پر فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا، ہماری جماعت اب جتنی طاقتور ہے اس سے پہلے نہیں تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ غریب عوام کی آواز اٹھائی، اور ہمیشہ غریب طبقے کی نمائندگی کی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم زمینی سچائیوں کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں، ایسا فیصلہ کبھی نہیں کریں گے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے، اب فون کال پر ہمیں فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرائے جارہے، اور نہ ہی کوئی فیصلے ڈکٹیٹ کراسکتا ہے، اب ایم کیو ایم لوگوں کی زمینوں پر قبضے نہیں کرا رہی، ہماری جماعت جتنی طاقتور اب ہے اتنی بڑی طاقت کبھی نہیں تھی، آنے والا وقت ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

سابق ناظم کراچی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 15 سال مسلسل حکمرانی کی ہے لیکن کراچی کے عوام کو صاف پانی تو کجا ایک قطرہ پانی نہیں دیا اور نہ ہی نئے اسکول دیئے، عوام ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہو جائیں تو غریبوں کی حکمرانی قائم ہوگی۔

مصطفیٰ کمال کا ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ ناکام ہورہے ہیں، تبدیلی جلسے کرنے سے نہیں ووٹ سے آئے گی، ہمارے پاس حرام کے پیسے نہیں جو لوگوں کو موٹرسائیکلیں دیں، مظلوم ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے آرہے ہیں۔

میو برادری کے کئی افراد کی متحدہ پاکستان میں شمولیت

پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران میو برادری کے کئی افراد نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے میو برادری کے تمام افراد کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے مڈل کلاس طبقے کو ایوانوں میں پہنچایا۔ ایم کیو ایم آنے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے۔ پاکستان کو بچانا ہے تو کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہوگا۔

میو برادری کے چئیرمین مزمل احمد نے کہا کہ عام انتخابات میں میو برادری ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔

پریس کانفرنس کے موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل ، ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی اور اراکین رابطہ کمیٹی بھی موجود تھے۔

mustafa kamal

MQM Pakistan