Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل فلسطین کشیدگی: 950 فلسطینی شہید، امریکا کا ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کرنے کا اعلان

غزہ میں دو لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2023 12:35pm
وائٹ ہاؤس فیس بُک - اسکرین گریب
وائٹ ہاؤس فیس بُک - اسکرین گریب

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔

جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں اور پارٹنرز کے ساتھ مستقبل کے ممکنہ منظرناموں پر مشاورت کر رہے ہیں، کوئی یہ نہ سمجھے کہ امریکی فوج کا کیریئر اسٹرائیک گروپ حماس کے لیے بھیجا ہے۔

مجموعی تعداد 2150 تک پہنچ چکی ہے، اسرائیل میں تعداد 1200 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ غزہ میں حکام کا کہنا ہے کہ 950 افراد شہید ہوئے ہیں۔

امریکا سے جنگی ساز و سامان کی کھیپ اسرائیل پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منتقلی ان ریاستوں یا غیر ریاستی عناصر کے لیے پیغام ہے جو اس جنگ کو وسیع کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ امریکا نے ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔

منگل کو جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا اسرائیل اور مصر کے ساتھ غزہ کے شہریوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے بارے میں بات کررہا ہے۔

جیک سلیوان نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ اس پر مشاورت جاری ہے لیکن اس کی تفصیلات میں اس وقت عوامی طور پر شیئر نہیں کرنا چاہتا۔

پریس بریفنگ میں غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر جیک سلیوان نے امریکا اور اسرائیل کے بارے میں کہا کہ ہم جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ نہیں بناتے۔

مزید پڑھیں

اسرائیل کی جیلوں میں کتنے فلسطینی قیدی موجود ہیں؟

حماس نے قیدیوں کے تبادلے کا اشارہ دے دیا

مشرقی وسطٰی کشیدگی: چین نے اسرائیل کو جنگ کا حل بتا دیا

اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کے ہاتھ چومتے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای

انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتے ہیں کہ ہماری فوجی کارروائیاں جنگی قانون کے مطابق کی جائیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو میزائل انٹرسیپٹرز فراہم کرنے اور فوجی امداد میں اضافے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حملوں کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔

جس کے بچے اغوا کیے جائیں، ان کو اپنے دفاع کا حق ہے

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے حماس سے زیر حراست افراد رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں امریکی شہری بھی شامل ہیں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ایران پر400 سے زائد پابندیاں ہیں، تیل ابیب کا ائرپورٹ کھلا ہے تاکہ لوگ سفرکرسکیں، سویلین ہلاکتوں پر افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس نے حملے کیے، نقصان کی ذمہ داری بھی ان پر ہے، جس کے بچے اغوا کیے جائیں، ان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

بمباری سے غزہ میں 2 لاکھ 60 ہزار افراد بے گھر

اقوام متحدہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ میں دو لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔

منگل کی رات کو ایک اپ ڈیٹ میں کہا کہ یہ 2014 میں 50 دنوں کی کشیدگی کے بعد سے بے گھر ہونیوالے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جس میں اضافے کا امکان ہے، بمباری میں ایک ہزار سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ پٹی تقریبا 23 لاکھ افراد کا گھر ہے، جو دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے۔

white house

USA

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023