سرکاری محکموں میں بائیومیٹرک حاضری، چیف سیکریٹری سندھ کو نوٹس جاری
سرکاری محکموں میں تاخیر سے آنے اور گھوسٹ ملازمین کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے چیف سیکریٹری سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ میں ملازمین اپنی مرضی سے آتے اور مرضی سے جاتے ہیں۔
شہری نے سرکاری محکموں میں ملازمین کیلئے بائیومیٹرک لازمی قرار دینے سے متعلق درخواست دائر کی جس پر عدالت عالیہ نے چیف سیکریٹری سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 9 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ تمام سرکاری محکموں میں ملازمین کیلئے بائیومیٹرک حاضری لازمی قرار دی جائے، محکمہ صحت اور بلدیات میں تو لازمی بائیومیٹرک حاضری ہونی چاہیے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ بائیومیٹرک ڈیوائسز پر ایک شخص مختص کیا جائے جو حفاظت بھی کرے، سرکاری ملازمین 11 یا 12 بجے دفاتر میں آتے ہیں، عوام صبح 8 بجے سے سرکاری دفاتر میں افسر کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ عوام دیر سے آنے والے ملازمین سے پریشان ہیں، جبکہ بائیومیٹرک حاضری سے گھوسٹ ملازمین کا بھی پتا چل جائے گا۔
Comments are closed on this story.