Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا ایم ڈی کیٹ نتائج منسوخ کرنے کا حکم

ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرانے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، ترجمان
شائع 10 اکتوبر 2023 05:23pm
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا ایم ڈی کیٹ نتائج منسوخ کرنے کا حکم۔ فوٹو ــ فائل
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا ایم ڈی کیٹ نتائج منسوخ کرنے کا حکم۔ فوٹو ــ فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے ایم ڈی کیٹ نتائج منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لیا جائےگا۔

اس حوالے سے ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کو ٹیسٹ میں نقل کی انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرانے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں 6 ہفتوں میں دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ منعقد کرانے کا حکم دیا تھا۔

میڈیکل کالجز داخلہ ٹسٹ میں جدید ٹیکنالوجی بلیو ٹوتھ کے ذریعے بڑے پیمانے پر نقل کیسز سامنے آنے کے بعد ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز انٹری ٹیسٹ سے متعلق فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے 6 ہفتوں میں دوبارہ ٹیسٹ منعقد کرانے کا حکم جاری کیا۔

میڈیکل کالجز انٹری ٹسٹ 6 ہفتوں کے اندار دوبارہ ایم ڈی کیٹ ٹسٹ منعقد کرنے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جی آئی ٹی نے بڑے پیمانے پر نقل کو بے نقاب کیا، جس کے بعد حکومت نے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔

فیصلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد معاملے میں مداخلت نہیں کرتے، ٹیسٹ میں نقل کے واقعات کے بعد صوبائی حکومت نے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

پشاور ہائیکورٹ نے ٹیسٹ سے متعلق 70 سے زائد درخواستوں کو نمٹایا۔

یاد رہے کہ ٹیکنالوجی میں جدت نے طلباء کو نقل کے طریقوں میں بھی جدت سکھا دی ۔ خیبرپختونخوا میں 10 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں نقل کیلئے جدید آلات کے استعمال نے دیکھنے والوں کو دنگ کردیا تھا۔

امتحان کی نگرانی کرنے والے عملے نے بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعےنقل کرنے والے سیکڑوں طلباء کو پکڑا جن کی معاونت ایک مخصوص گروہ کررہا تھا۔

عملے نے 213 طلباء سے ایک ایسی ڈیوائس برآمد کی جو خفیہ رابطوں کیلئے استعمال ہوتی ہے۔

پکڑے جانے والے آلے کے 2 سے 3 حصے ہوتے ہیں جن میں سے ایک بظاہر کسی کارڈ یا پین جیسی شکل کاحامل ہوتا ہے۔ اسے فعال کرنے کیلئے سِم لگائی جاتی ہے اوراس میں بلیو ٹوتھ کی سہولت بھی موجود ہے۔ چارجنگ پورٹ کی وجہ سے یہ آلہ 8 گھنٹے تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

FIA

MDCAT

MDCAT Results

Maqbool Baqar

mdcat exam