Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے اعترافی بیانات سامنے آگئے، ہوشربا انکشافات

پکڑے گئے دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے
شائع 10 اکتوبر 2023 10:46am
تصویر: روئٹرز/ فائل
تصویر: روئٹرز/ فائل

ٹی ٹی پی سے منسلک افغان دہشت گردوں کے اعترافی بیانات سامنے آئے ہیں، جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ افغانستان سے مختلف راستوں کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوئے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے واپس افغانستان بھی چلے گئے۔

پاکستان میں دو دہائیوں پر محیط جاری دہشتگردی میں افغان دہشتگردوں کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے، پاکستانی حکام کی جانب سے مختلف مواقع پر افغان حکام کو ناقابل تردید شواہد کی طویل فہرست پیش کی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کا سلسلہ جاری ہے۔

مسلم باغ ایف سی کیمپ اور ژوب کینٹ پر حالیہ حملے کے دوران ہلاک ہونے والے افغان دہشتگردوں میں حنیف، حنزیلہ، مصطفیٰ گر، رحمت، محبت اللہ، عمیر اور عثمان خان شامل ہیں

اس کے علاوہ 2022 کے دوران پاکستان میں خود کش حملوں میں ملوث افغان خود کش بمبار نصیب زردان، قاری زبیر، ضیا ء اللہ، ضیاء الرحمان اور خالد پیش پیش رہے۔

بین الاقوامی سرحد پر لگائی گئی باڑ کو عبور کرکے پاکستان میں دراندازی کی کوشش میں مارے جانے والے دہشتگردوں میں افغان علاقے خوست کا رہائشی عماد اللہ، محمد خالد ، احسان اللہ اور شوکت اللہ شامل ہیں۔

اب کالعدم ٹی ٹی پی کے گرفتار دہشت گردوں نے اپنے اعترافی بیانات میں واضح کردیا ہے کہ ان کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ٹی ٹی پی سے منسلک افغان دہشتگرد سیف اللہ کا اعترافی بیان

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گرفتار کئے گئے دہشتگرد سیف اللہ نے اقبال جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق افغانستان کے صوبہ خوست سے ہے۔

دہشتگرد سیف اللہ نے بتایا کہ ہم ’’10 مارچ کو 11 آدمی جس میں 6 افغانی اور 5 پاکستانی شامل ہیں افغان سرحد پار کرکے پاکستان میں داخل ہوئے‘‘، ’’تین دہشتگرد جن میں نوید، یاسر اور وقار شامل تھے کے پاس خودکش جیکٹ تھی جس میں دو دو گرنیڈ تھے‘‘۔

دہشتگرد سیف اللہ کے مطابق ’’ہمارا کمانڈر چمتو تھا جو سکیورٹی فورسز کیخلاف بارودی سرنگ نصب کر رہا تھا، سرنگ بچھانےکےدوران دھماکا ہوگیا، وہ بچ گیا یامر گیا مجھے کچھ پتہ نہیں۔

دہشتگرد سیف اللہ نے بتایا کہ ’’اس کے بعد ہم پر پاک فوج نے چھاپہ مارا جس سے ہم ایک دوسرے سے بچھڑ گئے ، پانچ دن کے بعد آرمی نے مجھے ڈھونڈ کرگرفتار کرلیا۔

دہشت گرد شاہ محمود

شاہ محمود نامی دہشت گرد نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ میں افغان صوبے قندہار کا رہنے والا ہوں، مولوی محمود اللہ کے کہنے پر ٹی ٹی پی گروپ میں شامل ہوا، میرا کمانڈر مفتی نور ولی ہے۔

دہشتگرد شاہ محمود نے بتایا کہ میں انس کے ساتھ تشکیل کیلئے وزیرستان آیا، ہم 9 لوگ تھے جو تشکیل کیلئے آئے، ان میں سے پانچ افغانی طالبان تھے۔ ہم افغان صوبے خوست کے راستے پاکستان کے علاقے وزیرستان آئے اور یہاں ہم عمر اور خالد کے ساتھ ملے۔

دہشتگرد شاہ محمود کا کہنا ہے کہ ہم نے کرک گیس پلانٹ پر حملہ کیا جس میں چار بندے شہید ہوئے، ہم یہاں سے کلاشنکوف، چار فون اور دو عدد یونیفارم لیکر چلے گئے اور میں افغانستان واپس چلا گیا۔

دہشتگرد شاہ محمود نے بتایا کہ جب میں افغانستان میں تھا تو مجھے میسج آیا کہ میں کوئٹہ آجائوں، میں چمن بارڈر عبور کرتے ہوئے گرفتار ہو گیا۔

دہشت گرد گل احمد

دہشت گرد گل احمد نے بتایا کہ میرے والد کا نام محمد یوسف ہے، اور میں افغان صوبے قندہار کا رہائشی ہوں۔

دہشتگرد گل احمد نے اپنے بیان میں بتایا کہ رمضان سے پہلے ٹی ٹی پی کے دہشتگرد انس سے ملاقات ہوئی اور ہم پاکستانی علاقے شیوا میں تشکیل کیلئے چلے گئے، اور کرک کے نزدیک دہشتگردی کی غرض سے ہم دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے۔

گل احمد کے مطابق اسی رات 12 بجے ہم نے گیس کمپنی پر حملہ کیا اور سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو شہید کردیا، جس کے بعد صبح چار بجے یہاں سے واپس افغانستان فرار ہونے کی غرض سے گئے، لیکن بارڈر پر گرفتار ہو گئے۔

ٹی ٹی پی سے منسلک افغان دہشتگردوں کے اعترافی بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔

اب یہ فیصلہ افغان طالبان نے کرنا ہے کہ انہوں نے دہشتگردی کو پروان چڑھانا ہے یا اسے ختم کرنے کیلئے کوئی جامع حکمت عملی تشکیل دینی ہے۔

TTP

TTP commander