Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دنیا بھر کی شوبز شخصیات فلسطین کے حق میں سامنے آ گئیں

پچھلے 24 گھنٹوں میں اب تک 400 اسرائیلی ہلاک ہوگئے
شائع 09 اکتوبر 2023 11:48pm

غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ شخصیات نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ہے ۔

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے معصوم فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی وحشیانہ حلوں کے خلاف آواز بلند کر دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اداکارہ ارمینہ خان نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میری نظر میں فلسطینی دنیا بھر میں سب سے زیادہ بہادر قوم ہیں، جنہیں کسی کی سپورٹ نہیں اور پوری دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اس جنگ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے‘۔

اداکارہ صبا قمر نے دو مختلف پوسٹس شیئر کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’فلسطین‘ اور ساتھ میں ٹوٹا ہوا سرخ دل والا ایموجی بنایا جبکہ دوسری پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا، ان شاء اللّٰہ‘۔

اداکارہ و میزبان انوشے اشرف نے لکھا ہے کہ ’ظلم و تشدد صرف مزید تشدد کو جنم دیتا ہے، کاش دنیا فلسطینیوں کی مدد کے لیے کچھ کرے تاکہ یہ خونریزی ختم ہو سکے‘۔

بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ظالم کب سے مظلوم بن گیا؟ کئی سالوں سے فلسطین پر ظلم و ستم پر اندھی دنیا کی بینائی اب واپس آگئی۔

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھی اسرائیل کے حمایتیوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے، بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اسرائیل کے حمایتیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ، اُس وقت کہاں تھے جب اسرائیل گزشتہ کئی سالوں سے غزہ اور وہاں کے شہریوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کر رہا تھا۔

ہالی ووڈ اداکار مارک رفالو نے اپنی ٹوئٹ میں حملوں سے متاثر غزہ کے شہریوں کو معصوم قرار دیتے ہوئے ان کی خیریت کی دعا کی، ساتھ ہی انہوں نے حملوں سے متاثر تمام عام شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر غیر متوقع حملہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

پچھلے 24 گھنٹوں سے حماس اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ میں اب تک 400 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا اور بمباری سے 313 فلسطینی شہریوں کو شہید کر دیا۔

Palestine

saba qamar