Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

قسام بریگیڈ نے یرغمال اسرائیلیوں کے قتل کی دھمکی دے دی

غزہ پر حملے جاری رہے تو ہم یرغمالیوں کو قتل کرنے پر مجبور ہوں گے، ترجمان قسام بریگیڈ
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2023 10:50pm
تصویر: مڈل ایسٹ مانیٹر
تصویر: مڈل ایسٹ مانیٹر

حماس کی ذیلی عسکری تنظیم قسام بریگیڈ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے غزہ میں بمباری اور شہریوں کو قتل کرنا جاری رکھا تو وہ یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کو قتل کر دیں گے۔

الجزیرہ کے مطابق قسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ ’بغیر کسی وارننگ کے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا انجام افسوس ناک ہوگا، اس کے نتیجے میں زیر حراست افراد میں سے ایک کو قتل کیا جائے گا اور ہم اس قتل کو نشر کرنے پر مجبور ہوں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس فیصلے پر افسوس ہے لیکن ہم صہیونی دشمن (اسرائیل) اور ان کی قیادت کو اس کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کو اب یقین ہے کہ 100 افراد کو حماس نے یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پر حملے جاری رہیں گے چاہے یرغمالیوں کو نقصان ہی کیوں نہ پہنچے۔

مزید پڑھیں

فلسطین جنگ شدت اختیار کرگئی، اسرائیل کا لبنان پر حملہ

حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے کیلئے قطر میدان میں آگیا

غزہ کی مکمل ناکہ بندی، بمباری سے فلسطینی قید میں 4 اسرائیلی ہلاک

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کو نقصان پہنچنے کی قیمت پر بھی غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری رہیں گے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’غزہ کی پٹی پر حملے طاقتور اور وسیع پیمانے پر کیے جائیں گے، یہاں تک کہ غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کو نقصان پہنچانے کی قیمت پر بھی۔ اگر مغویوں کے مقام کے بارے میں درست انٹیلی جنس معلومات موجود ہوں تو یقینی طور پر اسرائیل اس مقام پر حملہ کرنے سے باز رہے گا لیکن جب تک ایسی معلومات موجود نہیں ہیں، حماس کے تمام اہداف پر حملہ کیا جائے گا۔‘

الجزیرہ کے سینیئر سیاسی تجزیہ کار مروان بشارا نے کہا ہے کہ حماس کی طرف سے اسرائیلی قیدیوں کو قتل کرنے کی دھمکی اس بات کی علامت ہے کہ غزہ کی زمینی صورت حال ”مایوس کن“ ہوتی جا رہی ہے۔

بشارا نے کہا کہ ’غزہ کی شہری آبادی پر جاری بمباری اور حملوں پر ردعمل ظاہر کرنے کے لیے حماس پر شدید دباؤ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر دیکھا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جتنا زیادہ جبر ہوا، طاقت کا استعمال جتنا زیادہ ہوا، فلسطینی مزاحمت گزشتہ برسوں میں اتنی ہی بدترین ہوتی گئی ہے۔

Gaza

Hamas

Hamas Israel attack 2023

Israeli Air Strike

Palestinians In Gaza

Qassam Brigade

Captive Israelis