پاکپتن: جائیداد نام نہ کرنے پر بیٹے کا بوڑھے والد پر تشدد، مقدمہ درج
پاکپتن میں سفاکیت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، بیٹے کا خون سفید ہوگیا جائیداد نام نہ کروانے پر ضعیف والد پرتشدد کیا، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پاکپتن کے محلہ پیرکریاں کے رہائشی شہزاد نے سفاکیت کی انتہا کردی۔
جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے اپنے ہی ضعیف والد کو لاتوں، مکوں ، اینٹوں اور کانچ سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
بیٹے کی باپ کو دھمکانے اور پھر لہو لہان کرنے کی ویڈیو میڈیا کو موصول ہوگئی۔
والد کی مدعیت میں بیٹے شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بدبخت بیٹا اس سے قبل بھی باپ پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاکپتن میں پولیس نے جائیداد کے تنازع پر والد پر تشدد کرنے والے بیٹے اور داماد کو گرفتار کیا تھا۔ واقعہ کے بعد ڈی پی او پاکپتن طارق ولایت نے گھر جاکر بزرگ کو انصاف کی یقین دہانی کروائی تھی۔
اگست میں بیٹے کے تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ غلام رسول کی چار کنال اراضی تھی جسے بیٹا فہد رسول اور بیٹی اپنے نام کروانا چاہتی تھی۔
والد کے انکار پر بیٹے نے اپنی بیوی اور سالے کے ہمراہ والد پر تشدد کیا تھا۔
Comments are closed on this story.