آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کا نسخہ ہمارے پاس ہے، خواجہ آصف
مسلم لیگ ن کے سینیئررہنما اورسابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کا نسخہ ہمارے پاس ہے، انتخابات سے پہلے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں۔
سیالکوٹ میں نیوزکانفرنس سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف ملک کو آئی ایم ایف سے نجات دلائیں گے،وہ چوتھی باروزیراعظم بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے لایا گیا تحفہ لانے والوں کے ہی گلے پڑگیا، تحریک انصاف کا چارسالہ دورمہنگائی کی وجہ بنا۔ عوام کیلئےمہنگائی ناقابل برداشت ہوگئی ہے، جسےقوم کیلئےتحفہ سمجھ کرلائےوہ آپ کیلئےگلےپڑگیا۔ پی ڈی ایم حکومت نےملک کومعاشی خطرات سےبچایا۔
نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک دو ملکوں سے ہوتے ہوئے آئیں گے، ایجنڈے کا نہیں پتا۔ وہ ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال کیا جائے گا، وہ ملک وقوم کےنجات دہندہ بن کرآرہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ نوازشریف دورمیں بجلی کایونٹ11روپےتھاجواب 56 روپے ہے،ان کےدورمیں ڈالر100،روٹی5روپےتھی۔ 65 لاکھ افراد کو روزگاردیا گیا اور دہشت گردی کاخاتمہ کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرنااہل قراردیا گیا اور اپیل کاحق بھی نہیں دیا گیا۔ نوازشریف اور ان کی بیٹی کے ساتھ جو ہوا وہ تاریخ کے حوالے کردیتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈالرکی ذخیرہ اندوزی کرنےوالوں کو لگام ڈالی جارہی ہے، پاکستان سےڈالرکی افغانستان اسمگلنگ کوروکاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کوملک سےجاناہوگا۔
پی ٹی آئی مخالف بیان دینے والے عثمان ڈار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے سیاسی مخالف ہیں کسی معاملے پر رائےنہیں دیناچاہتا۔
Comments are closed on this story.