Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم مودی اورپاک بھارت میچ والے اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 14 اکتوبر کو ورلڈ کپ کا اہم ترین پاک بھارت ٹاکرا شیڈول ہے
شائع 07 اکتوبر 2023 11:59am
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن / ویب  سائٹ
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن / ویب سائٹ

ممبئی پولیس کو بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اوران کے نام سے منسوب احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کی رات ملنے والی اس ای میل کو بھیجبے والے نے دھمکی دی ہے کہ اگر بھارتی حکومت 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو وہ وزیر اعظم اوراحمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑا دیں گے۔

احمد آباد میں 14 اکتوبر کو ورلڈ کپ کا اہم ترین پاک بھارت ٹاکرا شیڈول ہے۔ ممکنہ دہشتگردی کی اطلاعات پر دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے بھارت سے مطالبہ بھی کیا جاچکا ہے کہ پاکستانی ٹیم اور دیگرکی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دھمکی آمیز ای میل میں یہ بھی بتایا گیا ہے ک نریندرا مودی اسٹیڈیم پرحملے کے لیے لوگوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار سدھوموسے والا کے قتل میں ملوث لارنس بشنوئی دہلی کی منڈولی جیل میں بند ہے۔ پولیس کے مطابق دھمکی آمیز میل ابتدائی طور پر نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو بھیجی گئی تھی جو بظاہر یورپ سے شروع ہوئی تھی اور وفاقی ایجنسی نے ممبئی پولیس کو اس کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

بھارتی پولیس کے مطابق، ’ہمیں این آئی اے کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے، جس نے دیگر مقامات پر بھی تمام متعلقہ ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا ہے‘۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ ای میل یورپ سے بھیجی گئی، اسے بھیجنے والے کی تلاش شروع کر دی ہے اور ضرورت پڑنے پر تمام کرکٹ میچوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بڑھایا جائے گا۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ، ’اگر حکومت ہمیں 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور لارنس بشنوئی کو رہا کرنے میں ناکام رہی تو ہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور نریندر مودی اسٹیڈیم کو بھی دھماکے سے اڑا دیں گے۔ ہندوستان میں سب کچھ فروخت ہوتا ہے، اس لیے ہم نے بھی کچھ خریدنا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنے محفوظ ہیں، آپ ہم سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے. اگر آپ بات کرنا چاہتے ہیں تو اس ای میل پر بات کریں‘۔

PCB

Narendra Modi

BCCI

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Pakistani Cricket team