Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیب کو پتہ ہے کہ انتخابات قریب ہیں تو کارروائیاں کررہے ہیں، سندھ ہائی کورٹ

2021 سے اب تک انکوائری پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی، عدالت کا نیب سے استفسار
شائع 06 اکتوبر 2023 12:51pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیب کو پتہ ہے اب انتخابات قریب ہیں، اب کارروائی کررہے ہیں، 2021 سے اب تک انکوائری پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں سابق ایم پی اے مکیش کمار چاولہ اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

نیب نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کے خلاف ایک ہی انکوائری زیرِالتوا ہے، محکمہ فوڈ کی انکوائری میں درخواست گزار مطلوب نہیں۔

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد یہ کارروائیاں کیوں ہو رہی ہیں، 2021 سے اب تک انکوائری پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی، جب درخواست گزار ایم پی اے تھا تب آپ نے کچھ کیوں نہیں کیا۔

عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آپ کو پتا اب انتخابات قریب ہیں اب کارروائی کرتے ہیں، ان دو سالوں میں آپ لوگوں نے کیا کیا۔

تفتیشی افسر نے مؤقف پیش کیا کہ 2021 میں انکوائری شروع ہوئی پھر بند کی گئی تھی۔

درخواست گزار مکیش چاولہ نے مؤقف پیش کیا کہ میرے خلاف انکوائری شروع کی گئی لیکن اطلاع نہیں دی گئی، ہمیں میڈیا سے علم ہوا کہ نیب نے انکوائری شروع کی ہے۔

مکیش چاولہ نے عدالت سے استدعا کی کہ میری گرفتاری کے لیے میرے گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا، عدالت تحفظ فراہم کرے۔

عدالت نے نیب کا تحریری جواب جمع ہونے کے بعد درخواستیں نمٹا دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مکیش چاولہ نے محکمہ خوراک کی ممکنہ انکوائری کا اندیشہ ظاہر کیا تھا، اور عدالت نے درخواست گزار کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر ان کی دو ضمانتیں منظور کرلی تھیں۔

pti

Sindh High Court

PTI Leaders arrested