شام کے ملٹری کالج پرڈرون حملے میں 100 افراد ہلاک، 200 سے زائد زخمی
شام کے صوبہ حمص میں گریجویشن تقریب کے دوران ایک فوجی کالج پر ڈرون حملے میں کم از کم 100 افراد ہلاک اور 240 زخمی ہوگئے، حملے کی ذمہ داری فوری طور پر قبول نہیں کی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ 100 سے زائد افراد ہلاک اور 125 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ شامی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد میں شامل ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 100 ہے۔
وزیر صحت حسن الغباش نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ 80 افراد ہلاک ہوئے جن میں چھ بچے بھی شامل ہیں لیکن تقریباً 240 افراد زخمی ہوئے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
شامی فوج نے اس سے قبل کہا تھا کہ دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز نے جمعرات کو تقریب کے اختتام پر اسے نشانہ بنایا، فوج نے اس حملے کا ذمہ دار جنگجوؤں کو قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے حمص میں ڈرون حملے کے ساتھ ساتھ شمال مغربی شام میں جوابی گولہ باری کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
Comments are closed on this story.