Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئٹہ: نجی اکیڈمی میں آتشزدگی، دم گھٹنے سے 36 طالبات متاثر

آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر بھی بے ہوش ہوا
اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2023 06:23pm
کوئٹہ: نجی اکیڈمی میں آتشزدگی سے 26 سے زائد طلبہ بے ہوش ہوگئے، اسپتال منتقل، تصویر بذریعہ مصنف
کوئٹہ: نجی اکیڈمی میں آتشزدگی سے 26 سے زائد طلبہ بے ہوش ہوگئے، اسپتال منتقل، تصویر بذریعہ مصنف

کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر نجی اکیڈمی میں آگ بھڑک اٹھی۔ دم گھٹنے کی وجہ سے 36 طالبات متاثر ہوئیں۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے اکیڈمی کی دونوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

اکیڈمی میں وینٹی لیشن نہ ہونے کے باعث کلاسز میں دھواں پھیل گیا اور 36 طالبات متاثر ہوئیں، جنھیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، آگ کے باعث متعدد طالبات بے ہوش بھی ہوئیں۔

چیف فائر فائٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن عبدالحق اچکزئی نے بتایا کہ آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر بھی بے ہوش ہوا جنھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ چھوٹے کمروں اور تنگ جگہ ہونے کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے بر وقت آگ پر قابو پالیا۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان نے نجی اکیڈمی میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیا۔

نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرہ اکیڈمی سمیت تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور نجی اکیڈمی میں آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب ایم ایس سول سنڈیمن اسپتال ڈاکٹر محمد اسحاق پانیزئی نے ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں 36 بچیاں متاثر ہوئیں تمام بچیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد بچیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

fire

quetta

quetta police