بلوچستان میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی، صوبائی حکومت نے تیاری شروع کردی
بلوچستان میں اگلے 48 گھنٹوں میں خوفناک زلزلے کی پیشگوئی کے حوالے سے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ حکومت کسی بھی ہنگامی صورت، حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح مستعد و تیار ہے۔
زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) کی جانب سے کی گئی پیش گوئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زلزلے کی قبل از وقت پیش گوئی نہیں کی جا سکتی کہ زلزلہ کب اور کہاں آئے گا، تاہم قدرتی آفات ایک مسلمہ حقیقت ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری ایمرجنسی سروسز بشمول ایم ای آر سی، پی ڈی ایم اے، آرمی، ایف سیِ سول انتظامیہ، لیویز، پولیس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ پر سکون رہیں اور مستند ذرائع سے خود کو باخبر رکھیں اور ایمرجنسی کی صورت میں حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن جاری رکھے ہوئے ہے، کیونکہ بلڈنگز کوڈ کے خلاف اور نالوں و کاریزات پر تعمیرات کو ایسی صورتحال میں خطرات درپیش ہو سکتے ہیں۔
اسی طرح کی ایک پریس ریلیز کوئٹہ ڈویژن کے کمشنر محمد حمزہ شفقات کی جانب سے بھی جاری کی جس میں انہوں نے حفاظتی تدابیر بھی بیان کی ہیں۔
حمزہ شفقات کے مطابق:
باخبر رہیں
اپنے آپ کو سرکاری ذرائع، جیسے کہ ہمارے سوشل میڈیا چینلز یا ڈی سی کنٹرول روم سے قابل اعتماد معلومات سے اپ ڈیٹ رکھیں۔
ایمرجنسی کٹ تیار کریں
ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کو جمع کریں، بشمول پانی، غیر خراب ہونے والی خوراک، ٹارچ، بیٹریاں، ابتدائی طبی امداد کا سامان، اور اہم دستاویزات۔
اپنے گھر کو محفوظ بنائیں
اپنے گھر میں کسی بھی ممکنہ خطرات، جیسے غیر محفوظ فرنیچر، بھاری اشیاء، اور گیس کنکشن کی شناخت کریں اور انہیں ٹھیک کریں۔ ایک خاندانی ہنگامی منصوبہ بنائیں، بشمول ایک محفوظ ملاقات کی جگہ۔
پرسکون رہیں
زلزلے کی صورت میں، پرسکون رہیں اور فرنیچر کے مضبوط ٹکڑے کے نیچے پناہ تلاش کریں۔ زلزلے کی صورت میںدروازے اور کھڑکیوں سے دور رہیں۔
Comments are closed on this story.