Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر آرہا ہے، مریم نواز

نظام کی اصلاح، عوام کی فلاح نواز شریف کا مقصد ہے، چیف آرگنائزر ن لیگ
اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2023 08:58pm
نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر آرہا ہے، مریم نواز کا شاہدرہ لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب۔ اسکرین گریب
نواز شریف پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر آرہا ہے، مریم نواز کا شاہدرہ لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب۔ اسکرین گریب

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر آرہے ہیں، ان کا مقصد نظام کی اصلاح اورعوام کی فلاح ہے۔

شاہدرہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں پورا ملک کررہا ہے، نوازشریف 21 اکتوبر اپنے گھر رائیونڈ جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ شاہدرہ کے عوام نے ہمیشہ نوازشریف کا ساتھ دیا، مشکل میں ساتھ دینے والوں سلام پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف سے ملاقات کیلیے مینار پاکستان آئیں، ملک کو اس وقت نوازشریف کی ضرورت ہے، پاکستان کی خوشحالی واپس آ رہی ہے۔

عمران خان اور پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر مریم نواز نے کہا کہ ایک لیڈر پر مشکل آئی، پارٹی ٹکرے ٹکرے ہو گئی، نوازشریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں، نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر آرہا ہے۔

چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کہا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، جس نے نوازشریف اور ترقی کو روکا وہ آج کوڑے دان میں پڑا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے سیاسی انتقام اور جھوٹے مقدمات کو سہا، نوازشریف کو نکال کر ملک کا مستقبل چھین لیا گیا۔

اس سے قبل لاہور میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ والنٹئیرز کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی قائد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو استقبال پر مشاورت ہوئی۔

مریم نواز نے یوتھ والنٹیئرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بھی آپ اور عوام سے ایسے ہی محبت کرتے ہیں، 21 اکتوبر کوعوام ثابت کریں گے کہ ان کا قائد صرف نواز شریف ہے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہے، وہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آرہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ انہیں سرخرو اورسربلند کیا، ان کا مقصد نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف معیشت بحال، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، اور ملک میں روزگار و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

maryiam nawaz