Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

خوارج کو پاکستان کے دشمنوں کی ریاستی پشت پناہی حاصل ہے، آرمی چیف

جنرل عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ، اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی
شائع 30 ستمبر 2023 10:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خوارج کو پاکستان کے دشمنوں کی ریاستی پشت پناہی حاصل ہے، 12ربیع الاول پر حملے خوارج کے مذموم عزائم ظاہر کرتے ہیں، دہشت گردوں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گرد پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھیکیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی اور اہم صوبائی وزراء کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

شرکاء کی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشت گردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ بدی کی طاقتیں ریاست اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا اور مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے، پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہداء کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

آرمی چیف نے زخمیوں اور شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

ISPR

COAS

quetta

General Asim Munir

Army Chief General Asim Munir

mustang

army cheif

mastoong blast