Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’بلاول اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں‘ اسپیکر سندھ اسمبلی کی بھی تردید

الیکشن کمیشن نے اب تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی، آغا سراج درانی
شائع 28 ستمبر 2023 06:31pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت ایک پیج پر ہے، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

آغا سراج درانی نے بھی پارٹی قیادت میں اختلافات کی تردید کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کا معاملہ ہو یا کوئی دیگر مسئلہ پارٹی قیادت تمام فیصلے اتفاق رائے سے کرتی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اب تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی، اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے درمیان الیکشن کے حوالے سے اختلافات سامنے آئے تھے۔

9 ستمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات کے حوالے سے اپنے والد آصف علی زرداری کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر جلد الیکشن کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل بلاول نے کہا تھا کہ نگراں حکومت پالیسیز نہیں بناسکتی، کیئر ٹیکر حکومت چیئر ٹیکر نہ بنے۔

جس دن بلاول نے مذکورہ بیان دیا اسی دن آصف علی زرداری نے جاری ایک بیان میں الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ نگراں حکومت سرمایہ کاری کونسل کے منصوبے مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالے جب کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کرائے۔

اس کے بعد بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری کے بیان کے بارے میں ان سے ہی پوچھا جائے۔

Asif Ali Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

general elections 2023