اسٹریٹ کریمنلز کو ہرگز نہ چھوڑیں، آئی جی سندھ کی سخت ہدایات جاری
آئی جی سندھ رفعت مختار نے اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایس پیز کے پاس مکمل اختیار ہے آزادانہ کام کریں۔
آئی جی سندھ رفعت مختار کی زیرصدارت امن وامان پر اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ سنجیدہ اقدامات سے کام کرکے دکھائیں، اور کرائم پر کنٹرول کریں، اسٹریٹ کریمنلز کو ہرگزنہ چھوڑیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن جاری رکھیں، ایف آئی آرز درج کریں، ایف آئی آرز کتنی درج کیں نہیں پوچھوں گا، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر سخت محکمانہ ایکشن لوں گا، سائل کی داد رسی نہ کرنا عذاب بنکر کسی نہ کسی پر گرتا ہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ ایس ایس پیزکے پاس مکمل اختیار ہے وہ آزادانہ کام کریں، آپ کی رہنمائی کے لیے میں موجود ہوں، ہر ماہ اجلاس میں سنگین جرائم کا جائزہ لوں گا۔
آئی جی سندھ نے ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے پر ڈی آئی جی حیدر آباد پیر محمد شاہ کیلیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
رفعت مختارراجا نے کہا کہ منشیات کے خلاف بڑا ایکشن لیں، فہرستیں دے رکھی ہیں، منشیات، گٹکا اور ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن جاری رکھیں، منشیات سے متعلق فہرستیں ترتیب دیکراسپیشل برانچ نے اچھا کام کیا ہے۔
Comments are closed on this story.