Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ کا وقت ضائع کرنے پر انکم ٹیکس کمشنر پر 10 ہزار روپے جرمانہ

ٹیکس اکھٹا کرنے والی ایجنسی کو انتہائی شفاف ہونا چاہیے، چیف جسٹس
اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2023 02:09pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سپریم کورٹ نے ٹیکس ادا کرنے والے افراد کے لئے جاری کردہ تمام نوٹیفیکیشنز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فاٸز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے ٹیکس کی رقم کا دوبارہ تخمینہ لگانے کے بارے میں انکم ٹیکس کمشنر کی نظرثانی درخواست پرسماعت کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے محکمہ ریونیو پشاور کے لیگل افسر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کا دوبارہ تخمینہ لگانے کا اختیار کمشنر ریونیو کو حاصل ہے، یہ اختیار ڈپٹی کمشنر کیسے استعمال کر سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کرنے میں بڑی تیزی دکھائی جاتی ہے، جب مقدمات چلائے جاتے ہیں توعدالت کی معاونت ہی نہیں کی جاتی، ٹیکس اکھٹا کرنے والی ایجنسی کو انتہائی شفاف ہونا چاہیے۔

عدالت عالیہ نے ریمارکس دیے کہ ملک چلانے کے لئے عوام سے ٹیکس اکھٹا کیا جاتا ہے، ٹیکس اتھارٹی شفافیت لاکر عوامی اعتماد بحال نہیں کرے گی تو مشکلات پیدا ہوں گی۔

سپریم کورٹ نے پشاور ریونیو کے انکم ٹیکس کمشنر کی نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے عدالتی وقت ضائع کرنے پر 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا اور ٹیکس دہندگان کے لئے جاری کیے جانے والے تمام نوٹیفکیشنز ایف بی آر ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دیا۔

Supreme Court

tax

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

tax payers