Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ کا سائفر کیس کی آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کا فیصلہ

پراسیکیوشن ان کیمرہ سماعت چاہتی ہے تو الگ درخواست دائر کریں، عدالت
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2023 02:35pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفرکیس ان کیمرہ سماعت کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کی آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کے حوالے سے سماعت ان کیمرہ کرنے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ پراسیکیوشن ان کیمرہ سماعت چاہتی ہے تو الگ درخواست دائر کریں، سائفرکیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی۔

سائفر کیس کی سماعت ان کیمرہ کرنے یا نہ کرنے پر فیصلہ محفوظ

24 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے یا نہ کرنے پا فیصلہ محفوظ کیا تھا، اور ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ دیکھ لوں پھر طے کریں گے کہ کیس کس طرح لے کر چلنا ہے۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: سائفر کیس عمران خان کی رہائی میں رکاوٹ بن گیا

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور سائفر کیس میں پراسیکیوٹر شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2 وکلا روسٹرم پر رکیں، یہ جیل سہولیات والا کیس نہیں ہے۔

پراسیکیوٹر شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہو رہا ہے، اس کیس کے جیل ٹرائل کی وجہ سیکورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔

اسپیشل پراسیکیورٹر شاہ خاور نے موقف اپنایا کہ بہت ساری چیزیں ایسی ہیں جن کو پبلک نہیں کیا جا سکتا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کہتا ہے کہ سماعت ان کیمرہ ہوگی تاہم سائفر کیس میں چالان کچھ دنوں میں آجائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے مؤقف پیش کیا کہ انکار نہیں کہ ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہا، اگرعدالت سمجھتی ہے توغیرمتعلقہ لوگوں کوباہرنکال سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ کرمنل اپیل نہیں ہے ضمانت کا معاملہ ہے، ریکارڈ دیکھ لوں پھر طے کریں گے کہ کیس کس طرح لے کر چلنا ہے۔ ، اب توعدالتی سماعتوں کی لائیو اسٹریمنگ ہوا کریں گی، اب تو عدالتی کارروائی پوری دنیا دیکھے گی۔

جسٹس عامر فاروق نے مسکراتے ہوئے کہا چیف جسٹس کے طور پر یہ عمل میری عدالت سے شروع ہو گا، ہمیں تو اِس کے مطابق اپنی تیاری رکھنی چاہئے۔

عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت ان کیمرا ہوگی یا نہیں؟فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو آج سنا دیا گیا ہے۔

imran khan

Islamabad High Court

Cypher case