Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بورے والا میں بھی غیر معیاری انجکشن سے 10 افراد بینائی سے محروم

پری فل انجکشن لاہور اور کراچی سے منگوائے تھے، ڈاکٹر
اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2023 10:01am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

بورےوالا میں نجی آنکھوں کے اسپتال میں غیر معیاری انجکشن لگنے سے 10 مریضوں کی بینائی چلے گئی۔

متاثرہ مریضوں میں خواتین اور مرد بھی شامل ہیں، ڈاکٹر سجاد کے مطابق پری فل انجکشن لاہور اور کراچی سے منگوائے تھے۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یواسٹن انجکشن سے متاثرہ مریضوں کی بینائی واپس آنے کے کم امکانات ہیں، متاثرہ مریضوں کو لاہور کے اسپتالوں میں علاج کے لیے ریفر کر دیا گیا ہے۔

ذیابیطس کے باعث مریضوں کو انجکشن لگایا گیا، اس ضمن میں شہری کا کہنا تھا کہ زیادہ منافع کے لالچ میں غیر معیاری انجکشن لگائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آنکھوں کی بیماری کےعلاج کے لیے غیر معیاری انجکشن کے استعمال سے پنجاب بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق انجکشن سے متاثرہ 77 افراد میں سے لاہور میں 25، ملتان میں 19، بہاولپور17 اور قصور سے تعلق رکھنے والے 4 افراد شامل ہیں جبکہ رحیم یارخان، خانیوال، میاں چنوں اور جھنگ میں 3 ، 3 افراد متاثر ہوئے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں غیر معیاری انجکشن سے لوگوں کی بینائی متاثر ہونے پر نگراں وفاقی وزیر صحت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی، جبکہ نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے لوگوں کی بینائی کا جانا افسوسناک ہے، ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

punjab

burewala

eye care