بینائی چھین لینے والے انجکشن کا معاملہ ہائیکورٹ میں چیلنج، 77 افراد متاثر، 11 ڈرگ انسپیکٹرز معطل
آنکھوں کی بیماری کےعلاج کے لیے غیر معیاری انجکشن استعمال کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پنجاب بھر میں انجکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد ستتر ہو گئی۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملوث ملزمان کےخلاف قانون کےمطابق کارروائی کی جائےگی۔
ذرائع کے مطابق انجکشن سے متاثرہ 77 افراد میں سے لاہور میں 25، ملتان میں 19، بہاولپور17 اور قصور سے تعلق رکھنے والے 4 افراد شامل ہیں جبکہ رحیم یارخان، خانیوال، میاں چنوں اور جھنگ میں 3 ، 3 افراد متاثر ہوئے۔
’ملوث ملزمان کےخلاف قانون کےمطابق کارروائی ہوگی‘
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انجکشن لگنے سے لوگوں کی بینائی کا جانا افسوسناک ہے، ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کا مفت علاج کیا جائے گا، غفلت کے مرتکب ڈرگ انسپکٹرز کےخلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگوں کا آج آپریشن ہوا ہے، پنجاب حکومت خود ان معاملات کو دیکھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملوث ملزمان کےخلاف قانون کےمطابق کارروائی کی جائےگی۔
لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
آنکھوں کی بیماری کےعلاج کے لیے غیر معیاری انجکشن استعمال کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
رانا سکندر ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں غیر معیاری آنکھوں کا انجکشن استعمال کرنے کے اقدام کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نگراں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آنکھوں کی بیماری کے علاج کے لیے غیر معیاری انجکشن لگائے جا رہے ہیں جس کے باعث 14 افراد آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوئے۔
درخواستگزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر معیاری انجکشن کا استعمال روکنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
دوسری جانب غیر معیاری انجیکشن کی فروخت پر محکمہ پرائمری ہیلتھ کئیر نے ایکشن لیتے ہوئے پنجاب بھر کے 6 اضلاع سے 11 ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کر دیا۔
لاہور اور بہاولپور سے تین، تین، فیصل آباد سے دو جب کہ جھنگ، صادق آباد اور رحیم یار خان سے ایک، ایک ڈرگ انسپکٹر معطل کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے افراد کا مفت علاج کروانے کا حکم دیا ہے.
لاہور میں آنکھوں کے انجکشن سے بینائی جانے کا اسکینڈل سامنے آنے پر انجکشن بنانے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔
جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے محسن نقوی نے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔
Comments are closed on this story.