Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کو پیغام دیتا ہوں کہ بہن عافیہ کو ساتھ لے کر آنا، سراج الحق

مہنگائی کو کم کیا جائے، ورنہ ہم اسلام آباد کی طرف مارچ اور پہیہ جام کریں گے، امیر جماعت اسلامی
شائع 24 ستمبر 2023 12:23am
فوٹو ــ ٹوئٹر / جماعت اسلامی پاکستان
فوٹو ــ ٹوئٹر / جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جاگیردار، سرمایہ دار ٹیکس نہیں دیتے، شوگر مافیا پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے لوگ ہیں۔ بجلی، پیٹرول، چینی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کم کیا جائے، ورنہ ہم اسلام آباد کی طرف مارچ اور ملک میں پہیہ جام کریں گے۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف دھرنے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ حکومت بجلی کا بل موت کا پروانہ بنا کر بانٹ رہی ہے، مظلوم کو انصاف نہ ملے تو جماعت اسلامی نکلتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور میرا مسئلہ اقتدار کا حصول نہیں، میرا مسئلہ ہے کہ اس وقت پاکستان جل رہا ہے، میری قوم مہنگائی کی آگ میں جل رہی ہے۔ میرا مسئلہ پنڈورا باکس اور پانامہ پیپرز نہیں، میرا مسئلہ مظلوم، غریب اور مجبور عوام ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں بجلی زیادہ ہونے پر مہنگی ملتی ہے، اگر تم غریب کا میٹر اتارو گے تو ہم تمہارے ہاتھ توڑیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہاں مفت خورے ہیں جن کا بل، پیٹرول اور علاج مفت ہے، آج عوام کو پیٹرول 332 روپے فی لیٹر مل رہا ہے، نگراں وزیراعظم کہتے ہیں قیمت کم کرنا میرا اختیار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

نواز شریف کا سیاسی بیانیے پر نظرثانی سے انکار، احتساب کا بیانیہ لیکر انتخابات میں جانے کا فیصلہ

وفاقی وزیر صحت کا شوگر کے غیر معیاری انجیکشن سے مریضوں کی بنائی متاثر ہونے کا نوٹس

الیکشن کمیشن کی انتخابی رولز کی 18 شقوں میں تبدیلی، 5 نئے فارم بھی جاری

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز مہنگی اور صرف موت سستی ہے۔ بہتر مستقبل کا خواب سجائے یورپ جانے والے 300 پاکستانی یونان کے سمندر میں ڈوب گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ انوارالحق کاکڑ پھر امریکا گئے ہیں، وزیراعظم کو پیغام دیتا ہوں کہ بہن عافیہ کو ساتھ لے کر آنا۔ اس سے قبل زرداری، نوازشریف اور عمران امریکا گئے لیکن عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کی۔

electricity price

Jamat e Islami

Siraj Ul Haq

Pakistan Inflation