Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف کا سیاسی بیانیے پر نظرثانی سے انکار، احتساب کا بیانیہ لیکر انتخابات میں جانے کا فیصلہ

پارٹی قائد کی سربراہی میں ن لیگ کے یانیے اور منشور کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذرائع
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2023 04:05pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

لندن میں ہونے والے ن لیگی قیادت کی بڑی بیٹھک کی اندرونی کہانی سامنےآگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میں پہلی مرتبہ مصالحانہ کی بجائے جارحانہ موقف کے حامی گروپ کی جیت ہو گئی، نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر اپنے سیاسی بیانیے پر نظر ثانی سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے فیصلہ کیا کہ پارٹی احتساب کا بیانیہ لے کر ہی انتخابی میدان میں اترے گی کیونکہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا احتساب کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ صرف میری ذات کی بات ہوتی تو درگزر کر جاتا مگر ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، اسی لئے سازشی عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہبازشریف بھائی کو نرم موقف اختیار کرنے پر قائل نہیں کرسکے، مریم نواز سمیت لیگی رہنماؤں نے بھی نواز شریف کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ احتساب کیے بغیر آگے چلے تو ملک کا مزید نقصان ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ پارٹی کارکنان بھی سازشی عناصر کے خلاف سخت مؤقف اپنائے جانے کے حامی ہیں، اب ملک کڑے احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا، ملک میں 76 سالوں سے جو ہو رہا ہے وہ اب نہیں ہونا چاہیے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ اہم بیٹھک میں شہباز شریف نے پارٹی میں پائی جانے والی تشویش جب کہ مریم نواز نے پارٹی میں سینئر رہنماوں کے تحفظات کے بارے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ لندن میں ن لیگ کی بڑی بیٹھک میں بیانیے اور منشور کے لیے ن لیگ نے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس ضمن میں پارٹی قائد نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے 7 دن کے اندر تحریری طور پر تجاویز طلب کرلیں جب کہ پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت دیگر معاملات نواز شریف براہ راست خود دیکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبران کو اعتراض نہیں ہوگا، آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔

قبل ازیں دوسری جانب سینئر لیگی رہنماؤں نے رائے دی تھی کہ نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہئے، جب کہ پارٹی قائد نے ہدایت دی کہ ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔

یہ بھی پڑھیں:

نوازشریف کی واپسی کی تاریخ طے شدہ ہے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، شہباز شریف

پاکستان کے عوام نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں، مریم نواز

واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ن لیگ کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں نواز، شہباز شریف سمیت مریم نواز، اسحاق ڈار، عابد شیر علی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

گزشتہ روز ہونے والی ن لیگ کی اہم بیٹھک میں نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جب کہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ترقی کا سفر شروع کرنے کے لئے وطن واپس جا رہے ہیں۔

PMLN

london

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)