Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف خود بھی بدل سے گئے ہیں، پرویز الٰہی

میرے سیل کے باہر ایک اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے، پرویز الٰہی کا جج سے مکالمہ
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2023 03:18pm
فوٹو — اسکرین گریب/ فائل
فوٹو — اسکرین گریب/ فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر تحریک انصاف پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے طبیعت اچھی نہیں رہتی۔

جوڈیشل کمپلیکس تور پھوڑ کیس میں گرفتار پرویز الہیٰ کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش کردیا گیا ہے۔

پرویز الٰہی کی جانب سے فیملی سے ملاقات کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ ضمانت منظور ہو چکی یا مچلکے جمع نہیں کروائے؟ مچلکے جمع کروادیں اگر کہتے ہیں تو کیش میں کر دیتا ہوں، کیا پرویز الہی دوسرے کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

سردار عبدالرزاق نے کہا کہ جی اینٹی کرپشن سے متعلق مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ ہماری طرف سے تو پرویز الٰہی مچلکے جمع کروانے پر آزاد ہیں۔

جج سے مکالمہ کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ میرا پیٹ خراب ہے، سیل کے باہر دیوار کھڑی کردی گئی جس کی وجہ سے تازہ ہوا نہیں آتی جب کہ میرے سیل کے باہر ایک اجنبی کو بٹھایا ہوا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اجنبی کون ہے اس کا نام ہی اجنبی ہے کیا، چلیں پتہ کرتے ہیں اجنبی کون ہے۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کوئی لمبی تاریخ دے دیں، ہمارا کیا ہے ہم 40 دن بعد کی تاریخ دے دیتے ہیں۔ عدالت نے 13 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی۔

قبل ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے کے اصل ذمہ دار نواز اور شہباز شریف ہیں، آج مہنگائی سے مڈل کلاس طبقہ ختم ہو چکا ہے۔

ایک صحافی کے سوال کے جواب میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود بھی بدل سے گئے ہیں اور سننے میں آ رہا ہے کہ نواز شریف کی ملک واپسی کی تاریخ بدل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل کا کھانا دیا جا رہا ہے جس سے طبیعت اچھی نہیں رہتی، پہلے ڈاکٹر کی سہولت تھی اب اس میں بھی مسائل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

صدر پی ٹی آئی پرویزالٰہی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج، اڈیالہ جیل منتقل

چوہدری پرویز الہی کی کسٹڈی پر عدالت میں تنازعہ کھڑا ہو گیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم لاہور سے لے کر روانہ ہوئی تھی، انہیں تیسری بار لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

judicial complex