ورلڈ کپ 2023 کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان
بھارت کی میزبانی میں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اعلان کیا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان برقرار رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں بابر اعظم، شاداب خان، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل اور عبداللہ شفیق شامل ہوں گے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر بھی قوامی اسکواڈ کا حصہ ہیں جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں زمان خان، ابرار احمد اور وکٹ کیپر محمد حارث ہوں گے۔
نسیم شاہ انجری کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہوگئے جب کہ ان کی جگہ ایک سال بعد حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ایشیا کپ میں حسن علی دستیاب نہیں تھےاس لئے زمان خان کو لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، البتہ فاسٹ بولرز کو انجریز کا سامنا ہے، ہو سکتا ہے یہ انجریز گرم موسم میں زیادہ کرکٹ کھیلنے سے ہوئیں۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ مڈل اوورز میں اسپنرز کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے، کپتان اور کوچ کا مورال بلند ہے، ہم نے بہترین ٹیم سلیکٹ کرنے کی کوشش کی ہے، لہٰذا امید اور دعا ہےکہ ہماری ٹیم بہتر پرفارم کرے گی۔
سرفراز احمد، محمد عامر اور عماد وسیم کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے سے متعلق سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ سلیکشن میرے پاس ہےکسی کے لئےکوئی دروازہ بند نہیں کر سکتا، وہ بھی اچھے کھلاڑی ہیں، لیگز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے تو ٹیم میں واپس آجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم، سرفراز احمد، شان مسعود سمیت سب کے لئے سلیکشن کھلی ہے، کہیں بھی کارکردگی دکھائیں گے تو ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں، کونسا کھلاڑی کونسی لیگ جاکر کھیل رہا ہے اس کو بھی مانیٹر کریں گے، البتہ سلیکشن میں کوئی کمیٹی نہیں ہوتی،کپتان اور کوچ بیٹھتے ہیں۔
Comments are closed on this story.