Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، چینی نائب صدر

چین کی پڑوسیوں سے متعلق پالیسی میں پاکستان کا خاص مقام ہے، ہان زھینگ
شائع 22 ستمبر 2023 09:06am
فوٹو — وزیراعظم ہاؤس
فوٹو — وزیراعظم ہاؤس

چینی نائب صدر ہان زھینگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور چینی نائب صدر جناب ہان زھینگنے نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی جس میں سی پیک اور دوطرفہ اقتصادی و مالی تعاون سمیت دیگر پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انوار الحق کرکڑ نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی حمایت کو سراہا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ چین نے مقبوضہ جموں کشمیر میں جی 20 اجلاس منعقد کرنے کی سخت مخالفت کرکے اصولی مؤقف اپنایا اور چین کے اس اقدام نے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کی۔

اس موقع پر چینی نائب صدر ہان زھینگ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی منفرد ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔

ہان زھینگ نے کہا کہ چین کی پڑوسیوں سے متعلق پالیسی میں پاکستان کا خاص مقام ہے اور چین پاکستان کے بنیادی مفادات کے تحفظ اور پاکستان کے عوام کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے سی پیک کی مرکزیت پر اتفاق کیا اور اس کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

نگراں وزیراعظم نے چینی نائب صدر ہان زھینگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

china

CPEC

پاکستان

New York

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

chinese deputy president