Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر خارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، جلیل عباس جیلانی
شائع 20 ستمبر 2023 09:03am
فوٹو — وزارت خارجہ
فوٹو — وزارت خارجہ

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جلیل عباس جیلانی اور فیصل بن فرحان نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے کے حصول میں خصوصی کردار ادا کرنے اور فراخدلانہ حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے اپنے سعودی ہم منصب کو جی سی سی کے رکن ممالک بالخصوص سعودی عرب کی جانب سے ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا۔

نگران وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی، توانائی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت کلیدی شعبوں میں پاک سعودی تعاون کو تیز تر اور بڑھایا جانا چاہیے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر کردار کو اجاگر کیا۔

وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے۔

Saudia Arabia

New York

JALIL ABBAS JILANI