Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

’خان صاحب کی ضمانت کنفرم ہوتی نظر آرہی ہے‘

جو بھی فیصلہ دینا ہو وہ دیں تاکہ اس کے خلاف اپیل تو دائر کرسکیں، وکیل عمران خان
شائع 19 ستمبر 2023 04:04pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

سائفر کیس میں آج ضمانت کی درخواست پر سماعت نہ ہونے پر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کا کہنا ہے کہ درخواستوں پر سماعت ہونی چاہیے، جو بھی فیصلہ دینا ہو وہ دیں تاکہ اس کے خلاف اپیل تو دائر کرسکیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم حیدر پنجوتھا نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ہم پیش ہوئے، ہم نے سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست کی ہوئی تھی جس کی آج سماعت ہونی تھی، آج پیش ہوئے تو پتا چلا کاز لسٹ سے کیس خارج کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ضمانت کی درخواست دائر کی تو آپ دیکھ لیں کتنے دنوں کے بعد اس پر سماعت ہوتی ہے، ’پہلے جج صاحب چھٹی پر ہوتے ہیں، پھر اسی طرح سے بہانے چلتے رہتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہی استدعا ہے جو بھی فیصلہ ہونا ہے وہ ہو، چاہے ضمانت خارج ہی کرنی ہو تاکہ ہم دوسری جگہ اپیل دائر کریں۔

وکیل عمران خان نے بتایا کہ ڈاکٹر کو عمران خان تک رسائی نہیں دی جارہی، پچھلی بار جب ڈاکٹر فیصل گئے تو انہیں ان کا میڈیکل کا سامان نہیں لے جانے دیا گیا اور وہ خان صاحب کو چیک نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم درخواست دیں گے کہ انہیں ملنے کے ساتھ سامان لے جانے کی اجازت بھی دی جائے تاکہ وہ خان صاحب کا چیک اپ کرسکیں۔ ہم یہ درخواست قانون کے مطابق دے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ضمانت کی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے پر چلی گئی ہے اور اگلی سماعت پر خان صاحب کی ضمانت اس لیے کنفرم ہوتی نظر آرہی ہے کہ اس کیس کے اندر ہے کچھ نہیں۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلے بھی اکٹھے ہوئے تو صرف اور صرف بغضِ عمران میں اکٹھے ہوئے تھے۔

imran khan

Islamabad High Court

Naeem Panjutha

Bail Petition